عوامی تحریک وکلاء ونگ کے زیراہتمام وکلاء کنونشن کا انعقاد
انصاف ترقی کا پہلا زینہ ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
فوری انصاف کی فراہمی میں وکلا کا کردار کلیدی ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کے امیدوار لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی خصوصی شرکت
کنونشن میں وکلا کا لہراسب گوندل ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان
کنونشن میں حفیظ الرحمن چوہدری ایڈووکیٹ، سردار اکبر ڈوگرایڈووکیٹ، ارشد باجوہ ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ کی شرکت
اقبال موہل ایڈووکیٹ، انوار اختر ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ شریک
لاہور (13 نومبر 2022ء) پاکستان عوامی تحریک وکلاء ونگ، عوامی لائرز موومنٹ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن کے انتخابات میں صدارتی امیدوار معروف قانون دان لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کے اعزاز میں عظیم الشان وکلاء کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے وکلاء کنونشن میں خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں پنجاب بھر سے وکلاء برادری کے اہم رہنماؤں اور مختلف بار کونسلز کے عہدیداران نے شرکت کی۔
کنونشن میں شریک وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن میں صدارتی امیداوار لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کنونشن میں پہنچے تو وکلاء نے ان کا شاندار استقبال کیا فضاء لہراسب خان گوندل کی حمایت میں لگائے گئے نعروں سے گونجتی رہی۔
وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ وکلاء برادری نے قانون اور انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ جمہوریت اور آزاد عدلیہ کی بحالی کے لئے وکلاء کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ معیشت اور معاشرتی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے زیادہ موثر انداز میں اپنا کردار ادا کریں۔ وکلاء عدل و انصاف کی علامت ہیں اور معاشرے میں قانون کی عمل داری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور بار ایسوی ایشن کے انتخابات میں صدارتی امیدوار لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور پاکستانی عوامی تحریک وکلاء ونگ کے رہنماؤں کا تقریب کے انعقاد اور حمایت کے اعلان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بینج اور بار کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنا میرا منشور ہے۔ منتخب ہوکر وکلاء برادری کو اپنے ساتھ لے کر قدم سے قدم ملا کر شانہ بشانہ چلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری میرے دوست اور میرے بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کے لئے کام کیا ہے۔ کامیابی کے بعد وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی لائرز موومنٹ کے سینئر نائب صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ لہراسب خان گوندل سینئر قانون دان ہیں۔ وکلاء اور بار کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ سے روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ وکلاء برادری لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی قدر کرتی ہے اور لاہور بار ایسوی ایشن کے انتخابات میں ان کے ساتھ ہے۔
کنونشن میں نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، حفیظ الرحمن چوہدری ایڈووکیٹ، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن سردار اکبر ڈوگر ایڈووکیٹ، انوار اختر ایڈووکیٹ، رفاقت علی کاہلوں ایڈووکیٹ، امتیاز چوہدری ایڈووکیٹ، معبوب چوہدری ایڈووکیٹ، سعود احمد خان ایڈووکیٹ، ناظم گجر ایڈووکیٹ، ارشد باجوہ ایڈووکیٹ، اقبال موہل ایڈووکیٹ، نذیر احمد خان ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ