سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور کا 75ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے 14 اگست 2022ء پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہمیں عام شہری کے طور پر مملکت خداداد پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کچھ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہ آج 14 اگست کے موقع پر جھنڈے اٹھانا اور لگانا پاکستان کے ساتھ وفاداری کی بہت بڑی علامت ہے لیکن بحثیت قوم ہمیں 22 کروڑ عوام کو 14 اگست کے موقع پر ایک درخت لگانا ہو گا، جس سے صرف ایک دن میں کروڑوں درخت لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرسبز پاکستان کے لیے اگر حکومتی سطح پر کوئی قدم اٹھایا جائے تو موٹرویز کے ساتھ فروٹ کے درخت لگ سکتے ہیں، سڑکوں کے ساتھ پھلوں کے درخت اور کھجوروں جیسا قیمتی پھل بھی اگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقدام کرے تو تیزی سے بڑھتی ہوئی نئی آبادیوں اور کالونیوں کی بلڈنگز کی منظوری سے پہلے وہاں درخت لگانے کی شرط رکھ کر یہ کام کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم معاشی و سیاسی بحران کا شکار ہیں، عوام کو دیکھنا ہو گا کہ کیا ہم خاموش تماشائی بن کر ان سیاسی جماعتوں کی لڑائی و رسہ کشی دیکھتے رہیں گے یا پھر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج کوئی بھی سیاستدان طویل مدتی معاشی پالیسی کی بات نہیں کرتا بلکہ سیاستدان اپنی تمام تر کوشش دوسروں کو نیچا دکھانے میں لگا رہے ہیں، یہ ملک کی سب سے بڑی بدقسمتی ہے۔ یہ پاکستان اور اس ملک کی غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ آج 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ہمیں بحثیت قوم فیصلے کرنے ہوں تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
خرم نواز گنڈاپور کا 14 اگست کے موقع پر پیغام
تبصرہ