سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے پودا لگا کر 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگا کر 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی 75واں جشن آزادی سرسبز پاکستان کے عزم کے ساتھ منائے اور ایک پودا لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کرے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام شجر کاری مہم کے آغاز پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف و دیگر رہنماؤں نے پودے لگا کر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آزادی کا جشن منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ملک و قوم اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں۔ شجرکاری نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ آلودگی میں کمی لانے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ سر سبز و شاداب پاکستان ہمارا مستقبل ہے۔ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے ہم سب کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
تبصرہ