مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی: پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے اجلاس میں شرکاء کا خطاب
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری افتخار قریشی ایڈووکیٹ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے ملتان میں تحریکی عہدیداروں کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا سفید پوش آدمی کیلئے اپنی حق حلال کی کمائی سے گھر کا چولہا چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ مہنگائی کے طوفان کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
اجلاس میں ممبر سنٹرل کور کمیٹی راؤ عارف رضوی، میجر محمد اقبال چغتائی، علامہ امیر اظہر سعیدی، پیر قاری غلام جیلانی نقشبندی، ملک رمضان سعیدی، عبدالماجد مصطفوی، سفیان رضا، محمد رفیق نورانی، شاہد حسین ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرکاء نے مزید کہا کہ مہنگائی کے بعد آسمان کی بلندیوں سے باتیں کرتی قیمتیں شرح غربت میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ ایک عام آدمی کیلئے ضروریات زندگی کی اشیاء خریدنا مشکل ہوچکا ہے۔ مہنگائی کے عفریت سے نبرد آزما عوام کیلئے گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ نے بھی کاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے اپنی عیاشیاں ختم کرے، جب تک حکومت اپنے اخراجات کم نہیں کرے گی عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ ابھی تک حکومتی پالیسیاں عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنے کی گنجائش سے محروم ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سے مہنگائی کا نہ ختم ہونیوالا طوفان آچکا ہے۔ اگر یہی حالات رہے تو عوام کو اپنے حقوق کیلئے سرکوں پر نکلنا پڑے گا۔
تبصرہ