پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ناانصافی کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج
پاکستان عوامی تحریک اپرسندھ کے زیراہتمام جیکب آباد، حیدرآباد اور پاکستان عوامی تحریک ایبٹ آباد کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاون کی 8 ویں برسی کے موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی ناانصافی کے خلاف احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مقامی قائدین نے ریلی کی قیادت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 برس گزرنے کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاون کیس کے شہداء کے ورثاء انصاف سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر مسلسل تین سال سے چلنے والے سٹے آرڈر کی وجہ سے ملزمان کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی انصاف کیلئے دائر کی جانے والی کوئی اپیل 7 سال سے زیرالتوا ہے۔ دوسری جانب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کی اپیلیں نہ صرف فوری سماعت کیلئے مقرر ہو جاتی ہیں بلکہ ان پر اب بریت کے فیصلے بھی آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اگر مرکزی ملزمان اور پولیس کے اعلیٰ افسران بے گناہ ہیں تو پھر قاتل کون ہے؟۔
حیدرآباد
شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 8 ویں برسی کے موقع پر ناانصافی کے خلاف احتجاجی ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لوئر سندھ کے صدر کامران پرویز القادری نے کی۔ ریلی میں علامہ پیر عرفان چشتی منہاجین نے خطاب کیا۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے قائدین و کارکنان اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جیکب آباد میں پانی کی سبیل کا اہتمام
پاکستان عوامی تحریک اپر سندھ کے زیراہتمام ریلی کے موقع پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ایصال ثواب کے لیے پانی کی سبیل کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں میاں جاوید علی لاشاری، نیاز احمد بروھی، بیدار بخت قادری اور کارکنان نے شرکت کی۔
ایبٹ آباد میں اجلاس
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے لیے ایبٹ آباد میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں نصیر خان جدون، راجہ وقار احمد، اسد خان جدون، ادریس اعوان ایڈووکیٹ، نبیلہ ناز ایڈووکیٹ، کامران سُہیل ایڈووکیٹ، محمد سعید، سردار نوید عالم، پیر مشتاق علی خان سہروردی، صابر خان جدون، کارکنان، وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تبصرہ