”مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کرو گے“ | سانحہ ماڈل ٹاؤن، عوامی تحریک آج ملک بھر میں ریلیاں نکالے گی
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام آج 17 جون 2022ء کو ملک بھر میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 8 ویں برسی کے موقع پر ”کال فار جسٹس“ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ریلیاں لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد سمیت ضلعی سطح پر نکلیں گی۔ لاہور پریس کلب کے باہر سہ پہر 4 بجے کارکن پرامن احتجاج کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافی کی حد ہو گئی، مظلوم انصاف کے لئے اب کس دروازے پر جائیں کیا ملک اور معاشرے اس طرح چلتے ہیں؟ سب ادارے طاقتوروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مظلوموں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ یوں لگتا ہے خدا اور یوم حشر سب بھول گئے ہیں۔ قیامت کے دن مظلوموں، مقتولوں کے ہاتھ ہوں گے اور آج کے طاقتوروں کے گریبان ہوں گے اور پھر کوئی چھڑانے والا نہیں ہو گا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کیا کبھی کہیں ایسے بھی ہوتا ہے کہ دن دہاڑے 100 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کر دیا جائے اور انہیں انصاف تو کیا تفتیش کا حق بھی نہ ملے۔ اس طرح کے ظلم کو دیکھ کر خاموشی اختیار کرنے والے کیا خود کو مہذہب اور تعلیم یافتہ کہلوانے کا حق رکھتے ہیں؟ ہماری چیف جسٹس آف سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ وہ مظلوموں کی بات سنیں۔ انصاف کا بال اب نظام انصاف کی کورٹ میں ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جنہوں نے معصوموں کو خون میں نہلایا وہ آج پھر اقتدار میں ہیں۔ ہمیں عمران خان سے یہ گلہ رہے گا کہ انہوں نے اقتدار میں آ کر ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دلوانے کے لئے دلچسپی نہیں لی اور آج اُسی ظلم کا وہ اور ان کے کارکن خود بھی شکار ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی پر سٹے آرڈر کا فائدہ ملزم اٹھا رہے ہیں اور ایک ایک کر کے بڑے ملزمان کو بری کیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ ان کے باوقار ادارے نے شہید کی بیٹی بسمہ امجد کو انصاف دلوانے کا جو وعدہ کیا تھا اُسے پورا کر کے ادارے کی لاج رکھیں اور لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء جے آئی ٹی سمیت التواء کا شکار تمام درخواستوں پر فیصلے کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم پوچھ رہے ہیں ”مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کرو گے“۔
تبصرہ