قوم کو انتخاب کی نہیں ہمہ گیر انقلاب کی ضرورت ہے: راؤ محمد عارف رضوی
پاکستان عوامی تحریک کے 33 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی میڈیا کوارڈنیٹر اور ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی راؤ محمد عارف رضوی نے کہاکہ قوم کو ہیجانی کیفیت سے نجات کیلئے انتخاب کی نہیں بلکہ ہمہ گیر انقلاب کی ضرورت ہے۔ جس میں عام آدمی کو اس کے آئینی و قانونی حقوق بلاتفریق حاصل ہوں۔ جبکہ کرپٹ نظام انتخاب ہی خرابی کی اصل جڑ ہے۔
دھن، دھونس اور دھاندلی پر مشتمل انتخابی نظام عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے، یہی نظام انتخاب اعلیٰ تعلیم یافتہ، باصلاحت اورباکردار قیادت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، یہ نظام کبھی بھی قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتا۔ قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کیلئے انقلاب کا راستہ اپنانا ہوگا۔
تقریب میں سینئر رہنما سجاد نقشبندی، ڈاکٹر مقبول صابری، حافظ قاسم چشتی، ندیم انصاری، محمد عثمان سجاد، عمر انصاری، حامد علی عابد، حسان قادری، حماد سجاد، محمد عمران، راؤ حماد مصطفےٰ و دیگر نے شرکت کی۔
راؤ محمد عارف رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے علمی، تحقیقی و تنظیمی سرگرمیوں کے ساتھ سیاسی میدان میں بھی عوام کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا اور نظام کی تبدیلی کیلئے نہ صرف عوام کا شعور بیدار کیا بلکہ عملی جدوجہد کے ذریعے نظام کو تبدیل کرنے کی سنجیدہ کوشش کی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے لانگ مارچ اور دھرنوں نے عوام کا آئینی شعور بیدار کیا۔ موجودہ ظالمانہ، کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ نظام بدلنے کی جدوجہد کی پاداش میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے زریعے کارکنان کا قتل عام کیا گیا، اسلام آباد دھرنے میں کارکنان پر بدترین تشدد کیا گیا۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ دن دور نہیں جب موجودہ نظام کی تبدیلی کا نعرہ اس قوم کے بچے بچے کی زبان پر ہوگا اور یہ قوم انقلاب کا سویرا طلوع ہوتے ہوئے دیکھے گی۔
تقریب میں یومِ تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔
تبصرہ