یہ نظام خوشحالی اور سلامتی کا دشمن ہے: خرم نواز گنڈاپور کا لیہ میں بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب
لیہ/ لاہور (11 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لیہ میں بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام خوشحالی اور سلامتی کا دشمن ہے۔ اس نظام نے مافیاز کی پرورش کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا یہ نظام نمک کی کان ہے اس میں ہیرا بھی نمک ہو جائے گا۔ اب وقت آگیا ہے اس گلے سڑے فرسودہ نظام سے جان چھڑائی جائے۔ بلدیاتی انتخابات کروانے کی بجائے نیا تماشا شروع ہو گیا ہے۔ جس نظام میں عوام کو ووٹ کے استعمال کے آئینی حق سے محروم کر دیا جائے اُسے جمہوری کہنا ظلم ہے۔ لوگ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔
جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے نام پر جو حکومت بھی آتی ہے وہ سب سے پہلے بلدیاتی اداروں پر وار کرتی ہے اور نمائندوں کے فنڈز چھین کر سرکاری ملازموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیئے جاتے ہیں۔ جمہوریت اختیارات اور وسائل کی تقسیم کا نام ہے مگر اس نظام میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور وسائل پر شب خون مارنے کو جمہوریت کہا جاتا ہے۔
عارف چودھری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے سے محروم رکھنا بہت بڑا ظلم ہے۔ تحریک انصاف نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے جتنے بھی دعوے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا۔
صوبائی جنرل سیکرٹری افتخار قریشی ایڈووکیٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے اسلام آباد میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے لئے پرامن احتجاج کیا تھا۔ اُس وقت ہم پر انگلی اٹھائی گئی۔ انگلی اٹھانے والے بتائیں کہ آج وہ اپنے مسلح جتھوں کو پارلیمنٹ کے سامنے جمع کیوں کررہے ہیں؟ اور پارلیمنٹ میں بات کرنے کی بجائے سڑکوں پر تماشا کیوں کررہے ہیں؟۔
صوبائی آرگنائزر چودھری قمر عباس دھول نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق سے سرشار پڑھے لکھے نمائندے صرف پاکستان عوامی تحریک کے پاس ہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں موقع ملا تو ہر یونین کونسل کو ماڈل یونین کونسل بنادیں گے اور وعدہ کرتے ہیں کہ یونین کونسل کے فنڈ یونین کونسل کے عوام کی فلاح و بہبوداور علاقہ کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوں گے۔
راؤ عارف رضوی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ملک میں خانہ جنگی کروانے کے لئے لوٹ مار کا پیسہ پانی کی طرح بہارہے ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک لیہ کے زیراہتمام بلدیاتی ورکرز کنونشن سے صوبائی رہنما مہر انور تھند، ڈاکٹر محمود الحسن مصطفائی، چوہدری علی رضا نت، ضلعی صدر انعام شاہ گیلانی، ضلعی جنرل سیکرٹری خضر حیات دھول، شیخ طاہر سلیمان، چوہدری شاہد ارائیں، سید ثقلین گیلانی، سعید احمد خان، نزاکت گرواں، ماسٹر اللہ دتہ، علامہ وسیم فیضی، سید نیر عباس کاظمی رہنما مجلس وحدت المسلمین، حاجی محمد منشاء، راشد محمود بھٹہ، پروفیسر وقاص شاہد، سلیم چشتی، خواجہ جاوید اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔
لیہ پہنچنے پر سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک اور مرکزی رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کارکنوں نے مرکزی رہنماؤں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے چوک اعظم جامع مسجد میں رہنماؤں کے ہمراہ نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر علاقہ کے عوام خرم نواز گنڈاپور سے مصافحہ کرتے رہے اور انہوں نے شاندار الفاظ میں انہیں جنوبی پنجاب میں خوش آمدید کہا۔
خرم نواز گنڈاپور نے لیہ میں نظام المدارس کے زیراہتمام قائم دینی مدرسہ میں زیرتعلیم ہونہار طلبہ سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ نظام المدارس پاکستان اپنے نئے نصاب اور شیخ الاسلام کے ویژن کی روشنی میں مدارس دینیہ میں ایک نیا تعلیمی انقلاب برپا کر رہا ہے۔
تبصرہ