او آئی سی میں کشمیری عوام کو نمائندگی ملنی چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (4 فروری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جنگ مسئلہ کا حل نہیں ہے مگر جنگ کے بغیر مسئلہ کشمیر حل ہوتا نظر نہیں آتا۔ خطہ کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے، اقوام متحدہ کو بالآخر کشمیری عوام کے ساتھ متفقہ قراردادوں کی صورت میں کیا جانے والا وعدہ پورا کرنا ہوگا، ایک ارب سے زائد آبادی والا خطہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے، عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے، کشمیری عوام نے تمام تر مظالم اور استحصال کے باوجود امن کا راستہ نہیں چھوڑا، دنیا امن پسندی کی قدر کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہر ہتھکنڈا استعمال کر لیا مگر وہ کشمیر کے عوام کو آزادی کے مطالبہ سے دستبردار نہیں کروا سکا، بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل اور عقوبت خانہ میں بدل دیا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء کے دوران بھی بھارتی فوج ظلم و بربریت سے باز نہیں آئی۔
مسئلہ کشمیر ایک حقیقت اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قضیہ ہے، بھارت اس سے پیچھا نہیں چھڑوا سکتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا تاہم اب ضرورت اس بات کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کی بین الاقوامی سفارتی مہمات میں کشمیری عوام کے نمائندوں کو شامل کیا جائے اور کشمیری نمائندوں کو بین الاقوامی فورمز پر نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ وہ اپنا مقدمہ خود لڑ سکیں کشمیری عوام کے نمائندوں کو او آئی سی میں بطور مبصر شرکت کی اجازت ہونی چاہیے، مسئلہ کشمیر کے ساتھ پاکستان کے عوام کا دلی لگاؤ اور وابستگی ہے پاکستان کے عوام مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم اور دعا گو ہیں۔
تبصرہ