پیپلز پارٹی کے رہنما ذوالفقار علی بدر کی خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات
لاہور (22 جنوری 2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر ایڈووکیٹ اور پولیٹیکل سیکرٹری وسیم صادق نے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی اور مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود بھی موجود تھے۔
ذوالفقار علی بدر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دینی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے پڑھے لکھے پاکستان کی تشکیل میں اپنا شاندار کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ میں اصلاحات اور نئے نصاب کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ رہنماؤں نے سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ نظام انصاف کو مؤثر اور برق رفتار بنانے کے لئے جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دینے کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانی جانوں کے اس سانحہ کا انصاف ضروری ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے منہاج القرآن کے پاکستان اور بیرونی ممالک میں قائم اسلامک سنٹرز اور تعلیم کے شعبہ میں انجام دی جانے والی خدمات پر گفتگو کی اور بتایا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ زیرتعلیم ہیں۔
تبصرہ