مہنگائی سے ہر طبقہ پریشان، حکومت ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی: عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر میاں نور احمد سہو
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر میاں نور احمد سہو اور صوبائی جنرل سیکرٹری افتخار قریشی ایڈووکیٹ نے ملتان میں ہونیوالے صوبائی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمرتوڑ مہنگائی نے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید متاثر کیا ہے۔ ہر طبقہ مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہے مگر حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام نظر آتی ہے۔ تمام جماعتوں کو آزمانے کے بعد آج ہر محب وطن پاکستانی کی نظریں پاکستان عوامی تحریک پر لگی ہوئی ہیں، عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں تاکہ کرپٹ اورمفاد پرست سیاستدانوں سے نجات مل سکے۔
افتخار قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج ملک کا کسان بے حال ہے، اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ یوریا کھاد کا بحران حل نہ ہوا تو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکومت کو یہ مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں باہمی مشاورت سے میجر محمد اقبال چغتائی کو صوبائی نائب صدر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب اورراؤ وقاراحمد کو ڈویژنل کنوئینر ملتان مقررکیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں شامل صوبائی رہنماؤں مہر انور تھند، سہیل کامران ایڈووکیٹ، چوہدری قمر عباس دھول، راؤ عارف رضوی، چوہدری اقبال یوسف اور ڈاکٹر محمودالحسن مصطفائی نے نئی ذمہ داری سنبھالنے پر میجر اقبال چغتائی اور راؤ وقار احمد کو مبارکباد پیش کی۔
تبصرہ