پاکستان عوامی تحریک کراچی کا 30 جنوری کو Save Karachi Save Pakistan سیمینار کا اعلان
پاکستان عوامی تحریک کراچی کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس صدر PAT قیصر اقبال قادری کی صدارت میں ہو، جس میں پاکستان عوامی تحریک کراچی، اضلاع اور پی ایس صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک 30 جنوری کراچی پریس کلب میں عظیم الشان Save Karachi Save Pakistan سیمینار کا انعقاد کرے گی ۔ جس میں کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک اپنا سیاسی وژن پیش کرے گی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کراچی کے 200 سے زائد ذمہ داران حلف اٹھائیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے تنظیمی اہداف پر گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلعی تنظیمات، پی ایس تنظیمات اور یوسی تنظیمات کے نیٹ ورک کے قیام پر سرعت سے کام کریں۔ اس عزم کا اظہار کیا کہ 30 جنوری کو ہونے والی تقریب حلف برداری کو تنظیمی عدد کے اعتبار سے تاریخی بنائیں گے۔
راؤ کامران محمود نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جو ملک کو 70 فیصد اور سندھ کو 90 فیصد سے زائد ریوینیو فراہم کرتا ہے۔ لیکن حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور بدعنوانی کی وجہ سے شہر کھنڈر بن چکا ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ آدھے سے زیادہ کراچی کو پینے کا پانی میسر نہیں، لوڈ شیڈنگ کا عذاب سردیوں میں بھی جاری ہے جبکہ گیس پورا پورا دن دستیاب نہیں۔ ٹوٹی سڑکوں، کچرے کے انبار اور گلیوں میں بہتے گٹر کے پانی نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، کراچی کی ترقی میں پاکستان کی ترقی ہے کیونکہ کراچی کمزور ہوا تو پاکستان کمزور ہوگا۔
سیمینار کے انعقاد کے لئے مالیاتی، دعوتی، انتظامی اور میڈیا کمیٹیز تشکیل دی گئیں۔ صدر کراچی قیصر اقبال قادری نے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو کراچی کی فعال سیاسی جماعت بنانے کا کام اس امر کا متقاضی ہے کہ تمام ذمہ داران اسی طرح دل جمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیں۔ انہوں نے جملہ ذمہ داران کی کاوشوں پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا نظام بدلو کا نعرہ آج ہر پاکستانی کی زبان پر ہے۔
اجلاس میں نائب صدور کراچی اطہر جاوید صدیقی اور ڈاکٹر سید عدنان سامی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری کراچی زاہد حسین، ڈپٹی آرگنائزر محمود میمن، سوشل میڈیا سیکرٹری عدنان رؤف انقلابی، صدر لیبر ونگ بشیر خان مروت، صدر ہیومن رائٹس ونگ مزرق حسین شاہ، زونل ممبر اسماعیل خلیل عارفی، صدر شرقی ایاز قریشی، جنرل سیکرٹری شرقی راحیل سعید، صدر ملیر ڈاکٹر شاہد مصطفٰے، صدر وسطی محمد راشد، جنرل سیکرٹری وسطی مطیع الرحمان آسی، جنرل سیکرٹری کیماڑی راؤ معظم علی، صدر غربی وسیم انصاری، جنرل سیکرٹری غربی محمد انور سمیت ضلعی و پی ایس ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحہ مری کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
تبصرہ