جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا حل فقط علیحدہ صوبے کا قیام ہے: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب ایک زرخیز خطہ ہے جو زراعت کے ذریعے قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتا ہے، مگر اس خطے کی محرومیاں دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔جنوبی پنجاب کی تمام محرومیوں کا حل فقط علیحدہ صوبے کا قیام ہے۔ مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود کے ہمراہ مختصر دورے پرملتان پہنچنے کے بعد مرکزی رہنما راؤ عارف رضوی اورڈویژنل صدر میجر محمد اقبال چغتائی سے گفتگو کررہے تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کیلئے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونیوالی قرار داد وفاقی حکومت کی جانب سے کارروائی کی منتظر ہے مگر حکمران جنوبی پنجاب کے عوام کو ادھورے اور منقسم سول سیکرٹریٹ پر بہلانا چاہتے ہیں۔ اس خطے سے تعلق رکھنے والے سیاستدان اپنے ذاتی مفادات کی بناء پر جنوبی پنجاب صوبے کیلئے آواز بلند نہیں کرتے مگر پاکستان عوامی تحریک اس خطے کے عوام کی آواز بنے گی اور انتظامی بنیادوں پر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے اس خطے کے عوام کے شانہ بشانہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ ہیں، لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے مہنگائی اور بیروزگاری کے طوفان پر قابو پائے۔
تبصرہ