پاکستان عوامی تحریک کراچی کا ایم کیو ایم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پاکستان عوامی تحریک کراچی کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ڈپٹی کنوینر اور پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل نے کی۔ ایم کیو ایم کی قیادت نے پاکستان عوامی تحریک کو 11 دسمبر کو ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کراچی کے قائدین نے ایم کیو ایم کی اے پی سی میں شرکت کا اعلان کیا۔
قیصر اقبال قادری اور کنور نوید جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ اسمبلی سے منظور شدہ لوکل باڈیز ایکٹ 2021ء جمہوریت اور آئین کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بلدیاتی اداروں کے پاس اختیارات نہیں ہوں گے تب تک اقتدار نچلی سطح پر عوام کو فائدہ نہیں دے سکتا۔ عوامی تحریک نے ہمیشہ اختیارات کو نچلی سطح تک تقسیم کرنے کے لئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ اختیارات اورعوام کی فلاح وبہبودکے لئے ہونے والی کسی بھی جدوجہد کی پاکستان عوامی تحریک بھرپور حمایت کرے گی۔
ملاقات میں پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر قیصر اقبال قادری، جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود، نائب صدر ثاقب نوشاہی، کوآرڈینیٹر سندھ سید ظفر اقبال، آرگنائزر کراچی الیاس مغل ، کوآرڈینیشن سیکرٹری نوید عالم ، راؤ محمد طیب، اسماعیل عارفی، بشیر خان مروت اور شہزاد میرٹھی موجود تھے۔
تبصرہ