پاکستان عوامی تحریک کا مختلف شہروں میں مہنگائی کے خلاف احتجاج
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مہنگائی کیخلاف سرگودھا، جہلم، بھکر اور چکوال میں پرامن احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے جان لیوا مہنگائی، ڈالر کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمت اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جان لیوا قرار دیا۔ سرگودھا میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود کی قیادت میں کارکنوں نے پریس کلب کے باہر جان لیوا مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام بہت پریشان ہیں، پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے مہنگائی کا تعلق عالمی حالات سے نہیں بلکہ حکومتی بیڈ گورننس سے ہے، مافیا اور ناجائز منافع خور حکومت کو کچھ نہیں سمجھتے، پاکستان میں مہنگائی مصنوعی ہے، اشیائے خورونوش کی جو قیمتیں حکومت مقرر کرتی ہے اس پر کوئی عمل نہیں کرتا، مہنگائی کی وجہ مزدور کی اجرت چند ماہ کے اندر آدھی رہ گئی ہے، سفید پوش طبقہ جتنا آج پریشان ہے پہلے کبھی نہیں تھا، راہنماؤں نے کہا کہ غریب عوام کی ترجمانی ہمارا قومی سیاسی فریضہ ہے اس لئے مہنگائی کے خلاف پرامن احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت کی توجہ اہم مسئلہ کی طرف مبذول کروا رہے ہیں۔
سرگودھا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے راہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوامی مشکلات کے حل کی طرف نہیں ہے، عوام فاقوں سے مر رہے ہیں، اشیائے خورونوش کی قیمتیں ہر روز بڑھ رہی ہیں اور ہر روز عام آدمی کی قوت خرید کم ہو رہی ہے اور غریب خاندانوں کے لیے جسم اور جان کا رشتہ برقرار رکھنا ناممکن ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی تمام بڑے شہروں میں مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف پرامن احتجاج کرے گی۔ احتجاج سے صوبائی نائب صدر ڈاکٹر ظفر علی ناز قریشی سمیت چوہدری فہیم حیدر چیمہ، محمد عمران ملک، محمد اقبال کاشف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سرگودھا
جہلم
بھکر
چکوال
تبصرہ