وزراء دنیا سے صرف پٹرول کی قیمتوں کا موازنہ کیوں کرتے ہیں؟ عوامی تحریک
باقی دنیا کے شہریوں کو تعلیم، صحت کی جو سہولتیں میسر ہیں اس کا موازانہ کیوں نہیں کیا جاتا؟
پاکستان واحد ملک جہاں چینی کی قیمتیں چینی مافیا، آٹے کی قیمت آٹا مافیا مقرر کرتا ہے: میاں ریحان مقبول
لاہور (2 اکتوبر 2021ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں مہنگائی بڑھنے کی باتیں کر کے وزراء غریب عوام کے زخموں پر نمک مت چھڑکیں۔ صرف پٹرول کی قیمتوں کا موازنہ کرنے کی باتیں کیوں کی جاتی ہیں؟ تعلیم، صحت کی سہولیات، تحفظ، کرنسی کی قدر اور فوری انصاف کی فراہمی کا موازنہ باقی دنیا کے ساتھ کیوں نہیں کیا جاتا؟ ۔ وفاقی وزیر خزانہ بتائیں 20کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں اور 90 روپے کلو چینی کہاں سے ملتی ہے؟ حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں پر اشیائے خورونوش کہیں دستیاب نہیں ہیں۔ یہ حکومت کی سب سے بڑی نااہلی اورناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی اور ملک میں مافیا فیصلے نہیں کرتا۔ پاکستان میں چینی کی قیمتیں چینی مافیا مقرر کرتا ہے، آٹے کی قیمتیں آٹا مافیا مقرر کرتا ہے، مل مالک، صنعتکار، مڈل مین اور آڑھتی حکومت کی رٹ نہیں مانتے اور یہی طبقات مہنگائی کے ذمہ دارہیں اور حکومت ان پر ہاتھ ڈالتے ہوئے ڈرتی ہے۔ گرانی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف حکومت کے اقدامات صرف چھوٹے دکانداروں اور چھابڑی فروشوں کو جرمانے کرنے تک محدود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں جعلی اور ناقص دودھ اور ناقص خوراک اور ادویات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ کرپٹ سرکاری مشینری حکومت کے کنٹرول سے باہر ہے۔ منتھلیاں لینے والے افسران نے مافیاز کو عوام کے جان، مال اور صحت سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ یہ نظام صرف اور صرف لٹیروں، کرپٹ بیوروکریسی اور مافیا کا محافظ ہے۔ اگر کوئی بڑی مچھلی قابو آجاتی ہے تو مہنگے وکیل عدالتوں سے ریلیف ریلیف دلوا دیتے ہیں۔ صرف غریب آدمی کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔ یہ نظام سب کچھ برباد کررہا ہے۔ اس کی بربادیاں اسی طرح جاری رہیں تو خدانخواستہ ہماری آزادی بھی خطرے سے دو چار ہو جائے گی۔
تبصرہ