پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے 21 کروڑ شہری اپنے وطن سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ 74ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت کے اظہار تشکر کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنا محاسبہ بھی کرنا ہے کہ ہم اپنے لئے تو سب کچھ کرتے ہیں اس وطن عزیز کے لئے ہماری خدمات اور قربانیاں کیا ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی کرپشن سے نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچا۔ قوم آج کے دن عزم کرے کہ کسی کرپٹ کو سیاسی یا آئینی ایوانوں میں برداشت نہیں کریں گے۔ پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کی سب سے مضبوط آواز ہے۔ نظام بدل کر قائداعظم کی امنگوں کا ترجمان پاکستان تشکیل دیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صرف قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی عملی جدوجہد کی۔ ریاست مدینہ کا مطلب قانون کی حکمرانی، جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے پاکستان کو لوٹا اور اس کے مفاد کو نقصان پہنچایا وہ سب نشان عبرت بنیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول، جنوبی پنجاب کے صدر نوراحمد سہو، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا جو راستہ بتایا ہے اس میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ کرپشن زدہ نظام ہے۔ پاکستان عوامی تحریک 74ویں یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کرتی ہے کہ ہم اس لوٹ کھسوٹ اور دھن دھونس پر مبنی نظام کو بدل کر پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنائیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر بشارت جسپال، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور اسے نقصان پہنچانے والوں کا مستقبل تاریک ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ پاکستان قیامت تک شاد اور آباد رہے گا۔
تبصرہ