انتخابی نظام دھاندلی سے پاک نہیں ہوا: ورکرز کنونشن سے عوامی تحریک کے قائدین کا خطاب
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ووٹ کی عزت ڈاکٹر طاہرالقادری کے انتخابی اصلاحات کے ویژن میں ہے، پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد دھن دھونس اور دھاندلی سے پاک انتخابی نظام کے لئے ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے جنوری 2013 کے لانگ مارچ کے ذریعے انتخابی اصلاحات کا شعور دیا، تمام جماعتیں اپوزیشن کے زمانے میں انتخابی اصلاحات کا نعرہ لگاتی ہیں مگر جیسے ہی اقتدار میں آتی ہیں تو اصلاحات کی جگہ مفادات لے لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کشمیر کے انتخابات ہوں یا بلدیاتی اور عام انتخابات حقیقی جمہوریت کے لئے وفاقی حکومت کا غیر جانبدارانہ کردار ضروری ہے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور سلطان محمود چودھری نے کہا کہ لاہور میں آباد کشمیری ووٹرز اس بار عوامی تحریک کے امیدوار طاہر کھوکھر کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔
جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن ہوں یا بلدیاتی انتخابات ماضی کے حکمرانوں کی طرح موجودہ حکومت بھی اثرانداز ہوتی ہے اور وفاقی حکومت کے مالی وسائل اور انتظامی اختیارات استعمال ہوتے ہیں یہ روش اب بدل جانی چاہئے، جب بھی نئے پاکستان کے لیے قربانی کا مرحلہ آتا ہے حکومت روایتی سیاسی ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے۔
کشمیر اسمبلی کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار طاہر کھوکھر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے وزراء کی مداخلت کے خلاف وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے کہ وہ اپنے وزراء کو دھاندلی سے روکے الیکشن کمیشن کا خط اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت کے وسائل ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں استعمال ہو رہے ہیں، کیا یہ نیا پاکستان ہے؟
انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور میں سینکڑوں جعلی ووٹ ختم کروائے ابھی بھی 6 سو سے زائد جعلی ووٹ انتخابی فہرستوں میں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ جیت کر کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دوں گا۔
اجلاس سے راجہ زاہد محمود، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ رانا نفیس قادری، عارف چودھری، مظہر محمود علوی اور منصور قاسم اعوان نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ