مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی: افتخار قریشی ایڈووکیٹ
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر افتخار قریشی ایڈووکیٹ نے ملتان میں تحریکی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی مہنگائی اورلوڈ شیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اورلوڈ شیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ سفید پوش آدمی کیلئے اپنی حق حلال کی کمائی سے گھر کا چولہا چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ مہنگائی کے طوفان کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ آسمان کی بلندیوں سے باتیں کرتی قیمتیں شرح غربت میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ ایک عام آدمی کیلئے ضروریات زندگی کی اشیاء خریدنا مشکل ہوچکا ہے۔ مہنگائی کے عفریت سے نبردآزما عوام کیلئے آگ برساتی زندگی میں لوڈ شیڈنگ نے بھی کاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ایک طرف تو حکومت مثبت معاشی اعشاریوں پر خوشی سے نہال ہے اوروزراء اسے معاشی ترقی کی جانب بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں جبکہ حقیقت میں حکومتی مثبت معاشی اعشاریے عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ اگر صورتحال یہی رہی تو عام آدمی کو متاثرہ طبقات کے ساتھ مل کر سڑکوں پر نکلناپڑے گا۔ مہنگائی اورلوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہی عام آدمی کیلئے ”تبدیلی“ کا سبب بن سکتا ہے۔
اجلاس میں ممبر سنٹرل کور کمیٹی راؤ عارف رضوی، میجر محمد اقبال چغتائی، سعید بخاری، علامہ امیر اظہر سعیدی، پیر قاری غلام جیلانی نقشبندی، ملک رمضان سعیدی، عبدالماجد مصطفوی، سفیان رضا، محمد رفیق نورانی، غلام نازک اور شاہد حسین ودیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ