پاکستان عوامی تحریک کے پی کے ڈیرہ اسماعیل خان کا اجلاس
پاکستان عوامی تحریک کے پی کے ڈیرہ اسماعیل خان کے اجلاس میں قاضی شفیق ڈپٹی کنویئنر کور کمیٹی پاکستان عوامی تحریک قاضی شفیق نے کہا ہے کہ امریکہ کو انکار درست مگر حساس معاملہ پر بڑھکیں ٹھیک نہیں۔ حکومت امریکہ کو ’’انکار کرنے‘‘ کی خبروں کو اپنی امیج بلڈنگ اور سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے سے گریز کرے۔’’بڑھکوں‘‘ کے نتائج ملک و ملت کے حق میں کبھی بھی بہتر نہیں نکلے۔ بین الاقوامی تعلقات اور معاملات میں مروجہ ڈپلومیٹک انداز گفتگو کا استعمال ہی ملک و قوم کے لئے مفیدہوتا ہے۔
اس موقع پر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن عبدالحئی علوی، سینئر نائب صدر شمالی پنجاب ملک طاہر جاوید، اور دیگر عیدیداران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ کسی ملک کو اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کا موقف سو فیصد درست ہے اور ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔ خطے کے امن اور محفوظ مستقبل کیلئے مکالمہ بہترین حکمت عملی ہے۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔ کوئی اسے ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ حکومت اور پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک و قوم کے فائدے میں شارٹ اور لانگ ٹرم خارجی پالیسیاں بنائے تاہم بڑھک بازی سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انکار کی اصل حقیقت کا پتہ بعد میں چلے گا تاہم خطے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ فعال بین الاقوامی روابط کے بغیر پائیدار امن اور ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے۔ بین الاقوامی تعلقات میں جوش کی بجائے ہوش کی پالیسی کے مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں۔خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے اشتعال کی بجائے اعتدال کا راستہ اختیار کیا جائے۔
تبصرہ