تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنماء سابق وزیر طاہر کھوکھر کا عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان
آزاد کشمیر کے سینئر پارلیمنٹرین سابق وزیر سیاحت، ٹرانسپورٹ، امداد باہمی، آثار قدیمہ، امور نوجوانان اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما طاہر کھوکھر نے ساتھیوں سمیت پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری،سردار منصور خان، سردار اعجاز سدوزئی، راجہ عاصم اکرام، سردار شہزاد عزیزو دیگر رہنما موجود تھے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے طاہر کھوکھر کو پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ میں آج سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ان کے انقلابی قافلے کا حصہ بن رہا ہوں۔ میں ایک سیاسی کارکن ہوں، میری ساری زندگی متوسط طبقات کے حقوق اور استحصالی طبقات کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے گزری ہے۔ میں نے جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے دور میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں۔ تشدد اور جلاوطنی کا سامنا کیا۔ اوورسیز کشمیریوں کے نمائندہ کی حیثیت سے آزاد کشمیر اسمبلی میں جدوجہد کرتا رہا ہوں۔ میں متحدہ قومی موومنٹ میں بھی شامل رہا اور دو مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوا اور کابینہ میں بھی شامل رہا۔
انہوں نے کہا کہ 2020 ء میں تحریک انصاف کی قیادت میں مجھ سے رابطہ کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی تھی اس دعوت پر میں تحریک انصاف میں شامل ہوا۔ عمران خان نے کرپشن کے خاتمے اور سٹیٹس کو کے خلاف ایک سیاسی ویژن دیا تھا لیکن پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد آہستہ آہستہ یہ بات واضح ہوتی گئی کہ یہ دعوے فقط کاغذی اور ٹی وی ٹاک شوز تک محدود تھے۔ تحریک انصاف میں مختلف مافیاز اپنے پنجے گاڑھ چکے ہیں اور پارٹی اپنے منشور سے ہٹ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات اس سال جولائی میں ہونا ہیں۔ پارٹی ٹکٹوں کے لئے پی ٹی آئی نے بھاری فیسیں وصول کر کے ٹکٹوں کی درخواستیں مانگیں اور انٹرویوز کا ڈرامہ شروع کیا جبکہ دوسری جانب پارلیمانی بورڈ کے ممبران اور کچھ نادیدہ قوتوں نے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے ٹکٹوں کے سودے شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل اے 34 جموں 1 جہاں سے میں دو مرتبہ بھاری اکثریت سے ممبر اسمبلی منتخب ہو چکا ہوں۔ کروڑوں روپے لے کر میرا ٹکٹ ایک پیراشوٹر کو فروخت کر دیا گیا۔
آزاد کشمیر کے کئی حلقوں میں اس طرح کیا گیا ہے۔ مہاجرین کے حلقوں میں کروڑوں روپے کے عوض ایک خاندان کو ٹکٹ بیچے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر پی ٹی آئی کی قیادت کو مکمل بے بس کر دیا گیا ہے۔ ایک جانب تحریک انصاف کے قائد شفاف انتخابات اور الیکٹرانک ووٹنگ کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب آزاد کشمیر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت مہاجرین حلقوں میں جعلی ووٹ بنانے میں ملوث ہے جس کے ثبوت متعلقہ اداروں اور پارٹی قیادت کو دئیے جا چکے ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔
انہوں نے کہا کہ جموں ون کا ٹکٹ کروڑوں میں فروخت ہوا۔ پیسے لینے والوں میں ممبران بورڈ کے علاوہ ایک وزیر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے آزاد کشمیر فتح کرنے کے چکر میں اخلاقیات کا جنازہ نکالتے ہوئے آزاد کشمیر میں کرپشن اور لوٹا کریسی کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس پر لوگ اور کارکن سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل سیاسی جدوجہد کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پاکستان اور عوام کے مسائل کا حل عوامی تحریک کے منشور میں ہے۔ پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت اور تحریک ہے جو کرپشن سے پاک، انقلاب اور غریبوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔
تبصرہ