بہاولنگر: پاکستان عوامی تحریک کی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے احتجاجی ریلی
پاکستان عوامی تحریک ضلع بہاولنگر کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے سات برس مکمل ہونے کے باوجود انصاف کی عدم فراہمی پر کمرشل کالج چوک سے پریس کلب تک بھرپور اور پرامن احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کی قیادت صوبائی آرگنائزر قمر عباس دھول، صوبائی و ڈویژنل کوارڈینیٹرز محمد اسلم صابری، خالد اسماعیل، ضلعی سیکرٹری ضیاءالرحمان سکھیرا، ضلعی صدر طارق محمود چٹھہ اور ناصر مصطفوی نے کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گذشتہ دور میں قاتل حکمرانوں نے ہمارے بے گناہ اور معصوم کارکنان کا قتل عام کیا، جو اپنے انجام بد کو پہنچ گئے مگر اب تو قاتلوں کی حکومت نہیں ہے، آج کے حکمران تو ہمارے ساتھ پریس کانفرنسز اور احتجاجوں میں ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلانے کی قسمیں کھاتے رہے ہیں مگر تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد بھی ماڈل ٹاؤن کے مظلوم دربدر دھکے کھانے پر مجبور کیوں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ آپ کے اپنے دور اقتدار میں آپ کی زبان انصاف کیلئے کیوں بند ہے؟ اب انصاف کی راہ میں رکاوٹ کون ہے؟ وزیراعظم جواب دیں۔ شہداء کے ورثاء، بیوگان اور یتیم بچے سوال کرتے ہیں کہ خان صاحب آپ تو قاتل نہیں ہیں پھر آپ کی حکومت میں قاتل جیل کی سلاخوں کے پیچھے کیوں نہیں ہیں، ہمارے کارکنان پر قائم کئے گئے جھوٹے پرچے کیوں ختم نہیں کئے جارہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بننے والی جے آئی ٹی نے جب 280 گواہوں کے بیانات قلمبند کرکے رپورٹ جمع کروانی تھی تو ایک ملزم کانسٹیبل کی درخواست پر جے آئی ٹی کو معطل کر دیا گیا، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں گئے تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔
اس موقع پر انفارمیشن سیکرٹری محمد علی چوہدری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد سے نہ ہم پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہی اپنی آخری سانس تک پیچھے ہٹیں گے۔ قاتلوں اور ظالموں سے قرآنی حکم کے مطابق قصاص اور انصاف لے کر رہیں گے۔
ریلی میں نائب صدر ڈاکٹر محمد سرور، فرقان منور، نائب صدر سجاد نعیم چوہدری، سیکرٹری ابوبکر خان سلطانی، آرگنائزر سید مبشر حسین شاہ، وحید رامے، غلام مصطفیٰ اور چوہدری عدنان قیوم نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی میں شرکاء نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔
تبصرہ