بہاولپور: پاکستان عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک ضلع بہاولپور کے زیراہتمام شہداء ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حصول کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ پریس کلب سے یونیورسٹی چوک تک ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی میں مظاہرین نے نعرے بازی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے انصاف کے حصول کیلئے مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں علامہ نصیر بابر ناظم منہاج علماء کونسل جنوبی پنجاب، ڈویژنل صدرپاکستان عوامی تحریک سہیل کامران ایڈووکیٹ، سردار گامن خان ایڈووکیٹ، صدر عوامی تحریک ضلع بہاو ل پور، عمران یوسف بھٹی، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک بہاول پور، محمد اسلم ایڈووکیٹ، سٹی صدر عوامی تحریک بہاول پور، محمد یاسین چشتی صدر منہاج علماء کونسل ضلع بہاول پور، غلام عباس پھل صدر تحریک منہاج القرآن سمیت رحمان احمد، وسیم چشتی، عبداللہ خان اور راؤ طلحہ و دیگر نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل کامران ایڈووکیٹ نے کہا کہ 17 جون 2021 کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی 7 ویں برسی ہے، 7سال گزر جانے کے باوجود انصاف کی فراہمی میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، مہنگے ترین اور نامور وکلاء کی قانونی خدمات لے رکھی ہیں کروڑوں روپے فیسیں ادا کرنے کے باوجود انصاف کا دور دور تک نشان نہیں۔ انہوں نے کہاکہ طاقتور کو چھٹی والے دن بھی انصاف مل جاتا ہے لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم ورثاء کوآج تک انصاف نہیں مل سکا۔ قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے اور اپنے شہداء کے خون کے قطرے قطرے کا قصاص لے کر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کروائی جائے تاکہ بنیادی محرکات اور ذمہ داران کی نشاندہی ہو سکے۔ سہیل کامران ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر غیرجانبدارانہ جے آئی ٹی بنائی اور مکمل شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔
تبصرہ