میرپور: جموں و کشمیر عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے احتجاجی مظاہرہ
جموں و کشمیر عوامی تحریک و جملہ فورمز ضلع میرپور کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 7 سال ہونے پر احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کی قیادت راجہ عاصم اکرام ضلعی صدر جموں کشمیر عوامی تحریک میرپور اور حافظ احسان الحق (نائب صدر تحریک منہاج القرآن آزاد جموں وکشمیر) نے کی۔ احتجاجی ریلی ضلعی سیکرٹریٹ میرپور سے شروع ہو کر چوک شہیداں پہنچی، جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ریاستی دہشت گردی کے دوران 14 بے گناہ کارکنان شہید جبکہ 90 سے زائد زخمی ہوئے لیکن آج تک غیر جانب دار تفتیش کے منتظر ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے لئے تحریک انصاف کی حکومت میں بھی انصاف کا دروازہ نہیں کھلا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شہداء کے انصاف کے لئے ہمارے شانہ بشانہ احتجاجوں میں شریک رہے ہیں۔ وہ اپنے دامن پر نگاہ ضرور دوڑائیں، ان کے اقتدار کی کرسی کے پائے شہداء کے خون میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ وہ چاہتے تو کارکنوں سے ہونے والے ظلم کاازالہ ہو سکتا تھا۔
میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے انتقامی کارروائیوں کے لئے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروائے تھے۔ وہ مقدمات بغیر کسی کارروائی کے تھانوں کی فائلوں میں پڑے ہیں۔ پرنٹ الیکٹرانک میڈیا نے ریاستی دہشت گردی کو لائیو نشر کیا اور انصاف کی جدوجہد میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور دے رہے ہیں جس پر ہم انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ریلی میں راجہ عطاء المصطفی مرکزی صدر MSM آزادکشمیر، شاہد محمود بٹ ضلعی صدر منہاج القرآن میرپور، چوہدری فضل حسین ڈویژنل صدر عوامی تحریک میرپور، مقصود احمد مغل ناظم تحریک منہاج القرآن میرپور، چوہدری الیاس ملنگی، خورشید قادری، فیصل حسین مرکزی راہنما عوامی تحریک میرپور، طالب حسین قادری، حسین محی الدین قادری صدر MSM میرپور و کثیر تعداد میں خواتین کارکنان موجود تھے۔
ریلی کے اختتام پر انصاف کی غیر جانبدار تفتیش کیلئے قرارداد بھی منظور کی گئی۔ ریلی میں دیگر سیاسی و مزہبی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی اظہار یکجہتی کے طور پر شرکت کی۔
تبصرہ