کراچی: پاکستان عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر 17 جون 2021ء کو کراچی میں شاہین کمپلیکس سے سندھ اسمبلی تک پرامن ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین و کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، ڈاکٹر فاروق ستار اور مقررین نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے شرکاء سے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام سمیت اہم سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں کے قائدین اور وکلاء نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، کراچی کے صدر مشتاق صدیقی، جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود، ایم کیو ایم نحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ صادق جعفری، کراچی بار کے سینئر وکلاء اور علامہ نعیم انصاری نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء سات سالوں سے انصاف کیلئے دربدر پھر رہے ہیں کمزور کیلئے ملک میں انصاف ناپید ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث کرداروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور کیفرکردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ ریاست مدینہ کی دعویدار تحریک انصاف کی حکومت میں بھی انصاف نہ ملنا قابل افسوس ہے۔ جب تک کرپٹ نظام قائم رہے گا کمزور ایسے ہی انصاف کیلئے ٹھوکریں کھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں دونوں نے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو تحفظ اور ترقیاں دیں۔ شریف برادران اور رانا ثناء اللہ سمیت 12 نامزد ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قاتل عام میں ملوث ہونے پر پھانسی دی جائے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے قربانیاں پہلے بھی دیں اب بھی تیار ہیں۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کوئی ظالم ظلم نہ کرے۔
تبصرہ