شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر دعائیہ تقریب
لاہور (17 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں مرکزی رہنماؤں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مستغیث جواد حامد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل رضا، نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، محمد سرفراز، سیکرٹری کوآرڈینیشن ایم کیو آئی طیب ضیاء، ایوب انصاری، ڈاکٹر کاشر، فراز ہاشمی، محمد اختر موجود تھے۔
اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ہوا۔ ہم آج بھی پہلے دن کی طرح پرعزم ہیں کہ انصاف ہو کررہے گا اور بے گناہوں کا خون بہانے والے اور انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے والے عبرت کا نشان بنیں گے۔
دریں اثناء خواتین رہنماؤں نے بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
تبصرہ