’’حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن پر خاموش کیوں ہیں‘‘: پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کا ورکرز کنونشن
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی سٹی کے سانحہ ماڈل کیخلاف احتجاجی ورکرز کنونشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سمیت حکمران جماعت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف پر خاموش کیوں ہے۔ سینیئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، ڈپٹی کنوینئر سینٹرل کور کمیٹی عارف چوہدری، صدر روالپنڈی ڈویژن زون ون سید راحت کاظمی نے ورکرز کنونشن میں اظہار خیال کیا۔
مقررین نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا اقتدار میں آنے سے پہلے حکومتی جماعت کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بے شمار وعدے اور دعوے کئے گئے لیکن اقتدار کے حاصل ہوتے ہی چپ سادھ لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا واحد سانحہ ہے جہاں قتل عام کو الیکٹرانک میڈیا نے براہ راست دکھایا۔
اس زمانے میں آج کے حکمران وقت کا کہنا تھا کہ اس کیس کا فیصلہ ایک ماہ کے اندر ہو سکتا ہے جبکہ اقتدار کے 3 سالہ عرصہ میں کبھی بھی وزیر اعظم کی جانب سے ماڈل ٹاؤن کیس کا تذکرہ تک نہیں کیا گیا۔ انصاف کے حصول تک ساتھ کھڑے رہنے کا وعدہ کرنے والوں نے اقتدار میں آنے کے بعد سے آج تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے خلاف کاٹی گئی جھوٹی ایف آئی آرز ختم نہیں کیں۔جن پولیس افسران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلین کے طور پر نامزد کیا گیا انہیں عہدوں سے برطرف کرنا تو در کنار انہی افسران کو اعلیٰ عہدوں پر ترقیاں دیں گئیں۔
ورکرز کنونشن میں ملک نذیر احمد اعوان صدر پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی اور محمد سعید راجہ جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی سمیت کارکنان نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ