پاکستان عوامی تحریک کراچی کی لیاقت آباد، لیاری اور اورنگی میں عوامی رابطہ مہم
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 17 جون سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کیخلاف عوامی احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود کی قیادت میں بلدیہ ٹاؤن، لیاقت آباد، لیاری، اورنگی اور جہانگیر روڈ میں عوامی رابطہ مہم کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے مگر بدقسمتی سے سات سال گزرنے کے باوجود لواحقین کو انصاف نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کی راہ میں کونسی طاقت رکاوٹ حائل ہے؟ جب تک شہدائے انقلاب کو مکمل انصاف نہیں ملتا تب تک نظام عدل پر سوالیہ نشان برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا سانحہ ماڈل کے ذمہ داران اور قاتل دنیا بھر میں رسوا ہو کر نشان عبرت بنیں گے۔
انہوں نے کہا 17جون ملک گیر بالخصوص کراچی میں شاہین کمپلیکس تا سندھ اسمبلی عوامی احتجاج منعقد ہو گا، جو حکمرانوں کی بند آنکھیں کھول دے گا۔ اجتماعات سے راؤ محمد طیب، عطاء الرحمن ہاشمی، عدنان رؤف انقلابی، شاہد راجپوت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ