پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا 17 جون کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ملا اور نہ غیر جانبدار جے آئی ٹی کو کام کرنے دیا جا رہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
کور کمیٹی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کا بھی اعلان کیا
موجودہ دور حکومت میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی
لاہور (30 مئی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 17 جون 2021ء کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کی عدم فراہمی اور غیر جانبدار جے آئی ٹی کو کام نہ کرنے دئیے جانے پر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
کنوینئر سینٹرل کور کمیٹی خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس کی صدارت کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے 3 سالہ دور میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ سپریم کورٹ نے فوری انصاف کی فراہمی کے لئے جتنی ہدایات بھی دیں ماتحت عدالتوں نے ان پر عمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کے دور حکومت میں قائد تحریک منہاج القرآن اور کارکنان کے خلاف درج ہونے والے جھوٹے مقدمات بھی بدستور جوں کے توں ہیں اور نہ ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا۔
کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں جموں کشمیر عوامی تحریک بھرپور حصہ لے گی اور ہر نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ کور کمیٹی نے فلسطین کے عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کرنے پر ملک بھر کی تنظیمات اور کارکنان کو مبارکباد دی۔
اجلاس میں عوامی تحریک کے ورکنگ پلان کی تیاری کے لئے خرم نواز گنڈاپور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول کے والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں کور کمیٹی میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور ہزارہ زون سے نصیر خان جدون کو کمیٹی کا ممبر بنانے کی توثیق کی گئی۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں قاضی زاہد حسین، ڈپٹی کنوینئر قاضی شفیق، ڈپٹی کنوینئر عارف چودھری، راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام، بشارت عزیز جسپال، نوراللہ صدیقی، میاں نور احمد سہو، ابرار رضا ایڈووکیٹ، ڈاکٹر سلطان محمود چودھری، میاں ریحان مقبول، خالد محمود درانی، راؤ کامران محمود، میاں کاشف محمود، سید ظفر اقبال، سردار محمد اعجاز سدوزئی، نصیر خان جدون ملک توقیر اعوان، راؤ عارف رضوی نے شرکت کی۔
تبصرہ