حکومت اپوزیشن کا ہر عہدیدار کرپشن میں زیرتفتیش ہے: خرم نواز گنڈاپور
جتنی جلدی ممکن ہو سکے اس کرپشن زدہ نظام سے جان چھڑا لی جائے
عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خرم نواز گنڈاپور، سلطان محمود چوہدری کا خطاب
سیمینار سے نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد، رانا محمد ادریس، عارف چوہدری نے بھی خطاب کیا
لاہور (26 مئی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام 32ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”نظام بدلو سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا ہر عہدیدار کرپشن کے درجنوں کیسز میں زیرتفتیش ہے، یہ نظام مافیا کا محافظ ہے، اس نظام اور نظام انصاف کے ہوتے ہوئے کرپشن ختم نہیں ہو گی بلکہ بڑھے گی، جتنی جلد ممکن ہو سکے غاصب انگریز کے دیے ہوئے اس نظام اور نام نہاد جمہوریت سے جان چھڑا لی جائے۔
صدر لاہور سلطان محمود چوہدری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے یہ فرسودہ سیاسی نظام عوام پر مسلط ہے۔ حالات بہتر ہونے کی بجائے دن بدن خراب ہی ہوئے ہیں۔ چہرے بدلنے کی بجائے نظام بدلنے پر توجہ دی ہوتی تو غریب عوام کی حالت آج یہ نہ ہوتی۔ آج کرپشن، غربت، جہالت، نا انصافی اور عدم استحکام سب کچھ پہلے کی طرح ہے۔
سیمینار سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، علامہ رانا محمد ادریس، حافظ غلام فرید، عارف چوہدری، نورین علوی، سید انعام گیلانی، چوہدری قمر عباس دھول نے خطاب کیا۔
سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے2013 کے دھرنے اور 2014 کے انقلاب مارچ میں اس عوام دشمن نظام کا اصل چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا تھا۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد تحریک پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے اپنی سیاسی جدوجہد میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی صورت میں جانی و مالی قربانیاں بھی دیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین 7 سالوں سے انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان دوست کو نظام بدلنے میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ نظام بدلنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر محب وطن سیاستدانوں کو ایک ہونا ہو گا۔ اس فرسودہ نظام میں غریب بنا علاج مر رہے ہیں، غریبوں کے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ اس نظام کے تحت اقتدار میں آنے والے ماضی کے حکمرانوں نے اپنی تجوریاں اندرون و بیرون ملک خوب بھریں اور ملک کو کھوکھلا کر دیا۔
تبصرہ