پاکستان عوامی تحریک کے 32ویں یوم تاسیس کے موقع پر سنٹرل پنجاب کے 17 اضلاع میں تقریبات
پاکستان عوامی تحریک کے 32ویں یوم تاسیس کے موقع پر سنٹرل پنجاب کے زیراہتمام 17 اضلاع کی تحصیلوں، ٹاؤنز اور یونین کونسلز کی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے یوم تاسیس کے موقع پر صدر سنٹرل پنجاب چوہدری بشارت جسپال فیصل آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مشتمل انتخابی نظام ہی عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے، یہی نظام انتخاب اعلیٰ تعلیم یافتہ، باصلاحت اور باکردار قیادت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، یہ نظام کبھی بھی قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتا۔ قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کیلئے انقلاب کیلئے نکلنا ہوگا۔
یومِ تاسیس کی تقریبات کا انعقاد سیالکوٹ، پسرور، فیصل آباد، پتوکی قصور، لاہور، ڈسکہ، ساہیوال، کمالیہ، گجرات، پاکپتن اور دیگر شہروں میں ہوا، تقریبات میں ملک کرامت علی، میاں رضا، میاں عبدالکریم کمیانہ سیکرٹری فنانس، قاری مظہر فرید سیال، چوہدری آصف علی گجر، اختر علی ملک، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، بدیع الزمان بھٹی ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔
جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری تبدیلی کیلئے نہ صرف عوام کا شعور بیدار کیا بلکہ عملی جدوجہد کے ذریعے نظام کو تبدیل کرنے کی سنجیدہ کوشش کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے لانگ مارچ اور دھرنوں نے عوام کا آئینی شعور بیدار کیا۔ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف محاذ بنایا مگر آج وہی جماعتیں نظام کی تبدیلی کی بات کر رہی ہیں، موجودہ ظالمانہ، کرپٹ اورفرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ نظام بدلنے کی جدوجہد کی پاداش میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذریعے کارکنان کا قتل عام کیا گیا، اسلام آباد دھرنے میں کارکنان پر بدترین تشدد کیا گیا۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ دن دور نہیں جب موجودہ نظام کی تبدیلی کا نعرہ اس قوم کے بچے بچے کی زبان پر ہوگا اوریہ قوم انقلاب کا سویرا طلوع ہوتے ہوئے دیکھے گی۔
تقریبات کے اختتام پر کیک کاٹے گئے اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
تبصرہ