پاکستان عوامی تحریک کے 32ویں یوم تاسیس پر خصوصی تقریب
تبدیلی کے نام پر منافقت ہورہی ہے: خرم نواز گنڈاپور
ٹی وی کی سکرین پر نظام کی مخالفت، اسمبلیوں میں حمایت کی جاتی ہے
کارکن پوچھتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے اور کتنا صبر کریں؟
بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم، جواد حامد، رانا محمد ادریس و دیگر کی شرکت
تقریب سے راجہ زاہد، نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، سدرہ کرامت کا خطاب
تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا
لاہور (25 مئی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے 32ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی اور کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک تبدیلی کی اصل آواز ہے، تبدیلی کے نام پر منافقت ہو رہی ہے، ٹی وی کی سکرین پر نظام کی مخالفت جبکہ اسمبلیوں میں اس نظام کو مضبوط بنانے کے لئے کام کیا جاتا ہے، کوئی اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں سب کو حصہ مل رہا ہے۔ نظام کے خلاف بیان بازی کے باوجود سٹیٹس کو کی قوتیں اسی نظام کا استحکام چاہتی ہیں۔ عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کی سب سے بڑی آواز ہے۔ کارکن پوچھتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے اور کتنا صبر کریں؟۔ حکمران بتائیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار کب کٹہرے میں آئیں گے؟ کم از کم اس دور حکومت میں تو اس سوال کا جواب ملنا چاہیے؟۔
تقریب سے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے خطاب کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب میں بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، سلطان محمود چودھری، نعیم الدین چودھری، انجینئر محمد رفیق نجم، رانا محمد ادریس، جواد حامد، رانا محمد فاروق، مظہر محمود علوی، ثاقب بھٹی، سدرہ کرامت، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، شاہد لطیف نے خصوصی شرکت کی۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی تبدیلی ہے سزا یافتہ مجرم پہلے بھی بھاگ جاتے تھے اب بھی بھاگ رہے ہیں، جنہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے ان سے ڈیلیں ہو رہی ہیں۔ انصاف کا ظالم نظام بدلا نہ پولیس کے ظلم میں کمی آئی، مظلوم کل بھی روتا تھا مظلوم آج بھی روتا ہے۔
مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور تفتیش کے ادارے اپنی ساکھ کھو چکے ہیں، انصاف چہرے دیکھ کر ملتا ہے، شرفاء کی تھانے کچہری میں تذلیل اور پیسے والے کو کرسی ملتی ہے۔ عوامی مسائل پہلے سے زیادہ بڑھ گئے۔
سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2014ء کے دھرنے میں عمران خان کی عوامی تحریک کے کارکنوں نے حفاظت کی، عمران خان نے اس حفاظت پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا تھا مگر انہوں نے اقتدار میں آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں، ہم عہدے، ترقیاتی فنڈز یا وزارتیں نہیں مانگ رہے ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نواز شریف اور شہباز شریف کے درج کروائے گئے جھوٹے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ تقریب میں راجہ ندیم، انیلہ ڈوگر، عائشہ مبشر، سرفرازخان، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، حافظ وقار، سعید اختر، حافظ عابد بشیر، میاں زاہد جاوید، طیب ضیاء ودیگر کی شرکت۔
تبصرہ