عوامی تحریک کا لاہور سمیت ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی
مسئلے کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے: خرم نواز گنڈاپور
اسرائیل نے 24 گھنٹے کے اندر جنگ بندی کے معاہدے کی دھجیاں اڑا دیں
اقوام متحدہ نقصانات کے ازالہ اور متاثرین کی بحالی کیلئے امداد فراہم کرے
ریلی سے سلطان محمود چودھری، سکندر سنگھ خالصا نورین علوی کا خطاب
لاہور (21 مئی 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں اظہار یکجہتی کیا گیا، لاہور پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے 24 گھنٹے کے اندر خلاف ورزی کی اور مسجد اقصٰی میں نماز کے لئے جمع فلسطینی مسلمانوں پر گرینیڈ پھینکے، معاہدے کے گارنٹر چپ کیوں ہیں، مسئلے کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے، اسلامی دنیا میں جب بھی کوئی بحران جنم لیتا ہے یا جنگ مسلط کی جاتی ہے تو سلامتی کونسل مینڈیٹ کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہتی ہے۔
سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے کردار سے مایوسی ہوئی ہے۔ فلسطین کے عوام کا موقف قانونی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے، عالمی برادری اس سے نظریں نہیں چرا سکتی۔ سکندر سنگھ خالصا نے عوامی تحریک کی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کے ساتھ زیادتی بند ہونی چاہیئے، اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کا حل ہیں۔ حافظ غلام فرید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی تشکیل نو اور ویٹو پاور کے غیر جمہوری اختیار پر نظر ثانی ہونی چاہیے۔
لاہور ریلی سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، اشتیاق حنیف مغل، سہیل احمد رضا، الطاف رندھاوا، ثاقب بھٹی، راشد چودھری، ، شفاقت علی مغل، عائشہ شبیر، حاجی فرخ، نورین علوی، فنیقہ ندیم نے خطاب کیا۔ عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ اظہار یکجہتی کی ریلیوں میں بڑی تعداد میں نوجوان، خواتین اور طلباء شریک ہوئے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ غزہ میں نقصانات کے ازالہ اور متاثرین کی بحالی، زخمیوں کے علاج کیلئے اقدامات کرے۔ بند راستے کھولے جائیں اور اقوام متحدہ کے ممبر ممالک کو بلاروک ٹوک امدادی کاررائیوں کی اجازت دی جائے اور انسانی بہبود کیلئے فوری امداد کی فراہمی کیلئے راستوں کو کھولنے اور محفوظ بنانے کی اقوام متحدہ گارنٹی دے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین پر ایک لفظ بولنے سے بھی قاصر ہے جس سے بہت مایوسی ہوئی ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ اور آزادی کا تحفظ یو این او کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ تشدد کے خاتمے کی بات تو کی جاتی ہے مگر عملدرآمد کوئی نہیں کرتا محض بیانات سے بے گناہ انسانی خون بہنا بند نہیں ہو گا۔ لاہور کے صدر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ بیت المقدس کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروائے۔ صدر لاہور ویمن لیگ نورین علوی اور ناظمہ لاہور فنیقہ ندیم نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر مسلح خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا فاشزم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ ان خلاف ورزیوں کا انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں مقدمہ چلنا چاہیے۔
تبصرہ