کراچی: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ پر عوامی تحریک کا سیمینار
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام 20 فروری 2021ء کو شاہ لطیف ٹاؤن آغوش میں بانی قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، انجمن تاجران سندھ کراچی کے صدر جاوید شمسی، تحریک منہاج القرآن کراچی کے ناظم مرزا جنید علی، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود، منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر راعنا نصرت ڈار و دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امن عالم اور بین المذاہب رواداری کیلئے شیخ الاسلام کی کاوشیں عہدساز ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے جہالت کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہزاروں اسکولز، کالجز، یونی ورسٹیز سمیت عوامی تعلیمی ادارے قائم کئے ہین۔ ملک میں نظام کی تبدیلی کیلئے کاوشیں اور کرپٹ نظام کو بے نقاب کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے بنیادی کردار ادا کیا اور قوم کو ان کے حقوق کی بیداری شعور کیلئے پورا آئین سمجھایا۔
مقررین نے بانی و قائدِ تحریک کی عالمی امن کے قیام اور اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری دنیا میں اسلام کا مقدمہ اُس وقت کامیابی سے لڑا جب عالم مغرب مسلمانوں کے خلاف صف آرا تھا اور مسلمانوں اور اسلام کو انتہاپسند قرار دے کر نفرت کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف مبسوط تاریخی فتوی جاری کر کے اسلام کا اصل چہرہ اہل مغرب کے سامنے پیش کیا۔ جب اہل مغرب نے (نعوذ باللہ) تاجدار کائنات ﷺ کی اہانت کی کوشش کی اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری نے اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت دنیا بھر کے ممالک کے صدور، وزراء اعظم، وزراء خارجہ کو خطوط لکھے کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں بلکہ جرم ہے۔ مقررین نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی دین اسلام کیلئے امن و محبت، رواداری اور بھائی چارے کیلئے کی گئی کاوشوں پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔
سیمینار میں پاکستان عوامی تحریک مرکزی سپریم کونسل کے ممبر سید ظفر اقبال، مشتاق احمد صدیقی، ثاقب نوشاہی، قیصر اقبال قادری، حاجی سلیم ملک، مسعود احمد عثمانی، فیاض مرزا، محمود میمن، عصمت اللہ نیازی، آصف اللہ رکھا، اطہر جاوید صدیقی، مزرق شاہ، بشیر خان مروت، سید کامران پرویز، پروفیسر محمد جعفر، عالم ایڈوکیٹ، عرفان یوسف، ڈاکٹر عدنان سامی و دیگر قائدین سمیت سیاسی سماجی تنظیموں کے نمائندگان، وکلا، اساتذہ اور بڑی تعداد میں عوامی اور آغوش کے بچوں نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی مناسبت سے 70 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا اور سیمینار کے شرکاء کو عشایہ پیش کیا گیا۔
رپورٹ: الیاس مغل (سیکرٹری انفارمیشن پاکستان عوامی تحریک)
تبصرہ