پاکستان عوامی تحریک کراچی ہیومن رائٹس ونگ کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر کانفرنس
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام کشمیر میں بھارتی مظالم، ناجائز قبضے، انسانی اور بین الاقوامی حقوق کی پامالی، مظلوم کشمیری مسلمانوں کے قتل عام اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے صوبائی سیکرٹریٹ پاکستان عوامی تحریک گلشن اقبال میں یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد ہوا۔
کانفرنس میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنما سردار نزاکت خان کشمیری، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنما سلیم بٹ، سردار مقصودالزمان، جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے رہنما سردار زیرین ایڈوکیٹ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما خواجہ عبداللہ ایڈوکیٹ، جموں کشمیر نیلم یوتھ فورم کے چیئرمین اسلم سکندر مغل، ملت کشمیر کے رہنما مطیع الرحمن آسی، پیر زادہ محمود الحسن، کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمران وڑائچ، عابد اکرم ایڈوکیٹ، پاکستان عوامی تحریک کے صدر مشتاق احمد صدیقی، جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود، پی اے ٹی ہیومن رائٹس ونگ کے قائدین فضل الرحمن صدیقی اور مزرق حسین شاہ و دیگر نے کانفرنس سے خطاب کیا۔
اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بھارت طاقت کے نشے میں کشمیری مسلمانوں کو غلام بنا نا چاہتا ہے۔ بھارتی جنگی عزائم جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن برباد کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کی تنظیموں، بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جو دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان تنازعہ ہے عالمی طاقتوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔ اگر پاکستان انڈیا کے درمیان جنگ ہوئی تو پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا۔ مقررین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق ہونا چاہیے۔ کشمیریوں کے مقدر کا فیصلہ کشمیریوں کا اپنا حق ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ کشمیریوں پر زبردستی کوئی فیصلہ مسلط کرنا قبول نہیں ہے۔
مقررین نے کہا کہ یہ بد قسمتی ہے کہ ایک صدی ہونے کو ہے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا بھارت اب تک دو لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو قتل عام کر چکا ہے۔ کانفرنس کے شرکاء نے قرارداد پاس کی کہ کشمیر سے فی الفور قابض بھارتی افواج کو نکالا جائے اور کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے۔
کانفرنس میں ناظم تحریک منہاج القرآن کراچی مرزا جنید علی، ڈاکٹر شہزاد قریشی، اطہر جاوید صدیقی، عطاء الرحمان ہاشمی، نوید عالم، راؤ طیب، عدنان رؤف انقلابی اور جنرل سیکرٹی یوتھ شاہد راجپوت سمیت دیگر قائدین نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ