عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس، پٹرول، بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات، بجلی، آٹے، ادویات و دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنماؤں، ضلعی و تحصیلی عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی، پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، ادویات، آٹے و دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت مالی بوجھ کا رخ عوام کی بجائے ٹیکس چوروں کی طرف موڑے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، پسے ہوئے طبقات اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو ریلیف دیا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک محکمہ پولیس میں اصلاحات اور ہسپتالوں کے نظام اصلاح کے وعدے پورے نہیں کئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دینے کا وعدہ بھی اب تک پورا نہیں ہوا۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کر کے عام آدمی کے لئے صحت کی سہولتوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے، محکمہ پولیس میں اصلاحات کر کے لاء اینڈ آرڈر کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحت میں موجود خامیوں کو دور کر نے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ ماضی میں شعبہ صحت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے عام آدمی آج بھی صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے غریب طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اضافہ واپس لے کر لوگوں کو ریلیف دے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے ٹرانسپوٹیشن اور مینوفیچرنگ کے اخراجات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں جس سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اجلاس میں وسیم ہمایوں, میاں نور احمد سہو, میاں عبدالقادر، قاری مظہر فرید سیال، آصف گجر، بدیع الزماں ایڈووکیٹ، عبدالکریم کمیانہ، میاں امجد، صفدر عباسی، راجہ ندیم و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ