پاکستان عوامی تحریک کے وفد کی مقتول اسامہ ستی کے گھر آمد، ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا
پاکستان عوامی تحریک کا وفد اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے گھر پہنچا اور شہید ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے والد، چچا، بھائی اور دیگر سے ملاقات کی۔ وفد نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔
وفد میں ترجمان شمالی پنجاب غلام علی خان، نائب صدر ملک طاہر جاوید، نائب، ملک حسن، اور دیگر موجود تھے، اس موقع پر صدر عوامی تحریک شمالی پنجاب قاضی شفیق نے اسلام آباد میں پولیس فائرنگ سے نوجوان اسامہ ندیم کی ہلاکت کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن اداروں کا کام عوام کو تحفظ دینا ہے ان کے اہلکار ہی بے گناہ شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج قوم کا ایک اور جوان ریاستی دہشت گردی اور جبر کا نشانہ بن گیا، اس سے قبل سانحہ ماڈل ٹاون، سانحہ ساہیوال اور دیگر ریاستی دہشت گردی کے واقعات میں پولیس کو کلیر قرار دے دیا گیا اور مظلوم کو انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے حکومت سے مطابہ کیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور قاتلوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے۔
تبصرہ