عوامی تاجر اتحاد کا ملک گیر تنظیم سازی مہم کےلئے 10 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان
تاجر اور کارخانہ دار بے چینی کا شکار دکھائی دے رہا ہے: حاجی محمد اسحق
کورونا لاک ڈاؤن کے بعد تاجروں کو درپیش معاشی پریشانیوں سے نکالا جائے: اطاف حسین رندھاوا
پورے ملک میں تاجر کنونشن بھی منعقد کئے جائیں گے: اجلاس میں فیصلہ
اجلاس میں شہدائے اے پی ایس کے درجات کی بلندی کےلئے خصوصی دعا کی گئی
لاہور (17 دسمبر 2020ء) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا اجلاس ماڈل ٹاؤن میں مرکزی چیئرمین حاجی محمد اسحق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا، سیکرٹری جنرل محمد راشد چودھری سمیت عوامی تاجر اتحاد کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کی ملک گیر سطح پر تنظیم سازی مہم تیز کرنے کےلئے 10 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کی مارکیٹوں میں عوامی تاجر اتحاد پاکستان کو منظم اور متحرک کیا جائے گا۔ آئندہ دو ماہ میں پورے ملک میں تاجر کنونشن بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں شہدائے اے پی ایس کے درجات کی بلندی کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس میں ہوشربا مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ تاجر اور کارخانہ دار بےچینی اور بے یقینی کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔ تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ تاجروں کے مسائل کے حل کےلئے آواز اٹھانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے، ان شا اللہ مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران تاجر برادری بہت متاثر ہو چکی ہے۔ کورونا ایس او پیز پر سب سے پہلے تاجر برادری نے عملدرآمد کیا اور آئندہ بھی عمل کرتے رہینگے۔
الطاف حسین رندھاوانے کہا کہ مارکیٹوں میں کاروباری مندی ختم کرنے کےلئے حکومت ٹھوس اور انقلابی اقدامات کرے۔ کورونا لاک ڈاؤن کے بعد تاجروں کو درپیش معاشی پریشانیوں سے نکالا جائے۔ عوامی تاجر اتحاد تاجروں کے حقوق کی بحالی کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد پورے ملک میں تاجروں پر مشتمل ضلعی، صوبائی اور مرکزی سطح پر کمیٹیاں قائم کرے گی۔ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے ترجیحی بنیادوں پر آواز اٹھائی جائے گی۔ اجلاس میں رانا محمد منظور، جنید وارثی، ثاقب بھٹی، محمد نوید بٹ، حکیم محمد اسلم قادری، شہزاد رسول، عابد بشیر، سعید اختر سمیت تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ