عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، 13 نکاتی منشور کا اعلان، بلدیاتی الیکشن جلد کروانے کا مطالبہ
پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں سی ای سی نے عوامی تحریک کے 13 نکاتی منشور اور 3 ماہ میں 10 لاکھ نئے ممبرز بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کی وجہ سے آج ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ اس نظام کے خلاف فیصلہ کن تبدیلی کے لئے عوامی تحریک کے کارکن تیار ہیں جتنی جلد ممکن ہو اس نظام سے جان چھڑا لی جائے۔
پریس کانفرنس میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، صوبائی صدور میاں نور محمد سہو، قاضی شفیق، میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹرز راؤ محمد عارف رضوی، غلام علی خان، چوہدری افضل گجر، ضلعی صدور موجود تھے۔ اجلاس میں عوامی تحریک کے 13 نکاتی منشور کا اعلان اور بلاتاخیر بلدیاتی الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں پر نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پردرج ہونےوالی جھوٹی ایف آئی آرز بدستور موجود ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 6 سال قبل کہا تھا کہ نواز شریف کے اندر ایک خطرناک الطا ف حسین چھپا ہوا ہے اور نواز شریف ریاست پاکستان کے خلا ف لابنگ کرتا پھر ررہا ہے آج ان تمام حقاق پر تصدیق کی مہر لگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ اور دن بدن لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں 65 فیصد کمی کر دی تعلیمی وظائف ختم کر دئیے، یکساں نصاب اور نظام تعلیم کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا یہ افسوسناک ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جنہوں نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اس ضمن میں کسی ادارے اور کسی حکومت کو معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک بار پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ظلم قرار دے رہی ہے اگر حکومت سمجھتی ہے کہ یہ ظلم ہے تو پھر ظلم کرنیوالوں کے خلاف آج تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟
حکومت عدالتی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتی لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث وہ پولیس افسر جنہیں بطور ملزم انسداد دہشتگردی عدالت نے طلب کر رکھا ہے وہ اپنے عہدوں پر ابھی تک براجمان کیوں ہیں؟ کیس کے حتمی فیصلے تک انہیں ان کے عہدوں سے الگ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ حکومت اگر مظلوموں کو انصاف نہیں دلوا سکتی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سیاست چمکانے کے لئے بھی استعمال نہ کیا جائے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا اجلاس سے خطاب
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سنٹرل ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کچھ افراد کے لئے کاروبار ہوگی مگر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر پر چلنے والوں کے لیے ایک عبادت اور انسانی خدمت کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔
سیاست ایک سوشل والنٹئیر سروس کا نام ہے کچھ لوگ سیاست کے زریعے دعائیں کچھ بددعائیں لیتے ہیں، کچھ لوگوں کے لیے سیاست ذریعۂ نجات ہے اور کچھ کے لیے یہ سیاست دوزخ کا ایندھن بنے گی، جس نیت کے ساتھ سیاست کی جائے گی ویسا ہی اس کا نتیجہ نکلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ملکی سیاست میں عوامی تحریک کے کارکن کی ایک خاص شناخت اور پہچان ہے اور یہ شناخت ہمیشہ برقرار رہے گی، انہوں نے کہا کہ، نظم و ضبط، برداشت، رواداری اور جرآت مندی عوامی تحریک کے کارکنان کو دیگر جماعتوں کے کارکنان سے ممتاز کرتی ہے تجدید اور اصلاحات کی فکر عوامی تحریک کے ہر کارکن کا فکری اثاثہ ہے، عوامی تحریک کی سیاست میں کارکنان کی قاتل جماعت ن لیگ کے سوا اور کسی پر دروازے بند نہیں، عوامی تحریک ہر مظلوم کی آواز ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ منہاج القرآن دل اور باقی تمام فورمزاس کے اعضا ہیں اور احیائے اسلام و تجدید دین کی تحریک کا حصہ ہیں، سیاست ہو یا خدمت دین تحریک کے جملہ فورمز اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کرنے کے مشن پر گامزن رہتے ہیں۔ سیاست انسانی حقوق کے تحفظ اور حقوق کی فراہمی کا نام ہے سیاست کی عملی شکل و صورت ریاست مدینہ کے اندر دیکھی جا سکتی ہے اللہ کے رسول نے سیاست کے ذریعے مذاہب عالم کے پیروکاروں کو امت واحدہ کے قالب میں ڈھال دیا۔
تبصرہ