پاکستان عوامی تحریک ضلع چکوال کے زیراہتمام بلدیاتی کنونشن
چکوال (21 ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک ضلع چکوال کے زیراہتمام منعقدہ بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نئے بلدیاتی الیکشن کا آغاز شہیدوں، غازیوں، مجاہدوں کی سرزمین چکوال سے کر رہے ہیں، بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوری نظام کی تشکیل کسی طور پر ممکن نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جن ملکوں نے بلدیاتی نظام کو مضبوط کیا وہاں امن، استحکام اور خوشحالی آئی۔ انہوں نے کہا اگر آئین پاکستان میں دی گئی رہنمائی کے مطابق بلدیاتی الیکشن ہوئے اور انہیں اختیار اور وسائل دیئے گئے تو گھر کی دہلیز پر مسائل حل کرنے کے خواب کو تعبیر ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک پاکستان میں دو قانون چلیں گے تو کبھی استحکام نہیں آئے گا، جنہوں نے ملک لوٹا اور بے گناہوں کو قتل کیا وہ لندن میں بیٹھے ہیں اور معمولی جرائم میں ملوث غریب جرمانہ ادا نہ کر سکنے پر سالوں جیلیں بھگتتے ہیں، قوم پوچھ رہی ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزائیں کیوں نہیں ملیں؟
مرکزی نائب صدر عوامی تحریک راجہ زاہد محمود نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ظلم و استحصال پر مبنی نظام بدلنے کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے، عوامی تحریک ایک نظریاتی جماعت ہے، ملک کو حقیقی جمہوریت کے ٹریک پر لانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے مالی و انتظامی اعتبار سے مضبوط بلدیاتی اداروں کی ضرورت ہے۔
عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے کہا کہ عوامی تحریک اس گلے سڑے نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، بلدیاتی اداروں کے اندر پڑھے لکھے اور ایماندار امیدواروں کے ذریعے خدمت خلق کا ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔
کنونشن سے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شمالی پنجاب رانا محمد ادریس قادری، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب توقیر اعوان ایڈووکیٹ، صدر عوامی تحریک چکوال طاہر اعوان دُلہہ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج پر ملک طاہر محمود، سردار عمردراز خان، ساجد اعوان، شیخ عبدالغفور اور حاجی محمد خان بھی موجود تھے۔
تبصرہ