پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس
مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ نے عوامی زندگی اجیرن بنا دی: خرم نواز گنڈاپور
موثر احتساب کیلئے نیب کو مطلوبہ فنڈز اور افرادی قوت مہیا کی جائے: بشارت جسپال
کرپشن کے انکشافات بہت ہو چکے نیب اب ریکوری دکھائے: میاں ریحان مقبول
حکومت آٹے کی قیمتیں، مہنگائی اور سٹریٹ کرائم کنٹرول کرے: رہنما عوامی تحریک
14 اگست کو پڑھا لکھا، پر امن اور سر سبز پاکستان کے موضوع پر سیمینارز منعقد کرنے
کا فیصلہ
30 ستمبر تک یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل کی جائیگی، کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم
میئر اور چیئرمینوں کیلئے بھی امیدوار کھڑے کرینگے: اجلاس میں فیصلے
لاہور (7 اگست 2020) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اہم اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے اعلان کا اعادہ کرتے ہوئے موزوں امیدواروں کے انتخاب کے لیے کوآرڈینیشن کونسلیں قائم کردی گئیں۔ 30 ستمبر تک پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی مکمل کی جائیگی اور اکتوبر میں رابطہ کارکن مہم شروع کرنے کے ساتھ ساتھ ورکرز کنونشن منعقد کئے جائینگے۔ اجلاس میں یوم آزادی پڑھا لکھا، پرامن اور سر سبز پاکستان کے سلوگن کے تحت منانے کا اعلان۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء کے دوران اسلامیان پاکستان کی طبی اور مذہبی حوالے سے بھرپور رہنمائی مہیا کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی اور مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس سے بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، چیف آرگنائزر میاں عبد القادر، میاں کاشف، رانا طاہر سلیم، افضل گجر، وسیم ہمایوں و دیگر نے خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کی سب سے طاقتور اور توانا سیاسی آواز ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ یوم آزادی کے موقع پر ہر کارکن اپنے حصے کے دو درخت لگا کر شجر کاری مہم میں شامل ہو، جو کارکن باہر نہیں درخت لگا سکتے وہ اپنے گھر میں گملوں میں پودے لگائیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس ریفارمز کے اعلان کو بھول چکی، ماڈل ٹاؤن اور ساہیوال جیسے سانحات کی روک تھام کیلئے بلاتاخیر پولیس ریفارمز کی جائیں۔
بشارت جسپال نے کہا کہ موثر احتساب کیلئے نیب کو مطلوبہ فنڈز اور افرادی قوت مہیا کی جائے۔ کرپشن کے انکشافات بہت ہو چکے نیب اب ریکوری دکھائے۔
نور اللہ صدیقی نے کہاکہ فارم ٹو مارکیٹ روڈز کھنڈرات بن رہے ہیں اگر انکی فوری مرمت نہ کروائی گئی تو قومی خزانے کے کھربوں روپے ضائع ہوجائینگے۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے عوامی زندگی اجیرن بنا دی، حکومت اس طرف سارے کام چھوڑ کر توجہ دے۔
میاں عبد القادر نے کہا کہ حکومت آٹے کی قیمتیں، مہنگائی اور سٹریٹ کرائم کنٹرول کرے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم آزادی کے موقع پر سیمینارز منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی جائینگی۔
مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے اختتام پر دعا کروائی۔
تبصرہ