حکومت ٹیکس گزار تاجروں کو پیکج دے، عوامی تحریک کا وزیراعظم کو خط
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروباری نقصان اٹھانے والے ٹیکس گزار اور رجسٹرڈ تاجروں، دوکانداروں کےلئے مالی پیکج کا اعلان کیا جائے انہیں پاءوں پر کھڑا کرنے کےلئے انٹرسٹ فری لون دئیے جائیں۔ ریاست اور محب وطن ٹیکس گزار کاروباری طبقہ کے درمیان کے درمیان اعتماد بحال کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ ریاست خصوصی مالی پیکج دے کر کاروباری برادری کو یہ پیغام دے کہ وطن کے ساتھ ٹیکسو ں کی ادائیگی کی صورت میں محبت کا رشتہ رکھنے والے تاجروں کو مشکل کی گھڑی میں ریاست تنہا نہیں چھوڑے گی۔ خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کےلئے تمام شیڈول بنکوں کو ہدایت دے کہ چھوٹے شہروں میں کاروبار کرنیوالے دوکانداروں کو انکے کاروباری سائز کے مطابق ماہانہ اوور ڈرافٹ دے اور اس کےلئے رجسٹریشن شرط قرار دی جائے اس سے بھی ٹیکس نیٹ بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ داری کے ساتھ ٹیکس گزار تاجروں کی مالی مدد کےلئے کم از کم تین ماہ کےلئے صنعتکاروں، تاجروں کو ہر قسم کے ٹیکسوں سے پاک بجلی، گیس کے بل بھجوائے جائیں اور اقساط میں بل ادا کرنے کی سہولت دی جائے۔
تبصرہ