پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بلدیاتی کنونشن، فوری انتخابات کا مطالبہ
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بلدیاتی کنونشن مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سمیت، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، نور احمد سہو، میاں طاہر سلیم، اعظم گجر، لیاقت کاٹھیا، ریاض ایڈووکیٹ، اللہ رکھا سیاف، شفاقت مغل اور دیگر قائدین بھی شریک تھے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہر الیکشن عوامی تحریک اپنے پلیٹ فارم سے لڑے گی اور ہر نشست پر امیدوار کھڑے کرے گی، عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے میاں کاشف کو فیصل آباد لارڈ میئر کیلئے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ 1970 ء کی پیپلز پارٹی نے سائیکل اور بسوں پر سفر کرنے والے کسانوں، مزدوروں کو ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ٹکٹ دے کر انہیں اسمبلیوں تک پہنچایا آج جماعتیں ٹکٹ دینے کے لیے پارٹی فنڈ کے نام پر کروڑوں روپے کا جگا ٹیکس وصول مانگتی ہیں، آج صرف عوامی تحریک نظریاتی اور کارکنوں کی جماعت ہے۔ پاکستان کے غیور عوام ووٹ کی طاقت سے قومی لٹیروں اور قاتلوں کو سیاسی عمل سے باہر نکال دیں۔
بلدیاتی کنونشن سے جنرل سیکرٹری پنجاب میں ریحان مقبول، میاں مرتضیٰ مرتضائی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، میاں کاشف اور راجہ زاہد محمود، شعیب طاہر، قیوم خان، چودھری افضل گجرنے خطاب کیا۔
میاں ریحان مقبول نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کرائے جانے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
میاں مرتضیٰ مرتضائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاسی، معاشی بحرانوں کا حل ڈاکٹر طاہرالقادری کے اصلاحتی ایجنڈے اور بیانیے میں ہے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے سیاسی ویژن اور اصلاحاتی ایجنڈے کو عام آدمی تک پہنچانے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا موثر استعمال کیا جائے، یہ نظام رہے گا تو بحران بھی رہیں گے، غیر ملکی طاقتیں اپنے آلہ کاروں کے ذریعے نوجوانوں کے ذہنوں کو پراگندہ کررہی ہیں۔
میاں کاشف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک بلدیاتی الیکشن لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، صوبائی قیادت گاؤں گاؤں، شہر شہر کے دورے کررہی ہے۔ جو خدمت کا ویژن اور جذبہ عوامی تحریک کے کارکنوں کے پاس ہے کسی اور جماعت کے پاس نہیں۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ ریاست مدینہ کا وجود قربانی سے قائم ہوا، صاحب حیثیت افراد نے کمزوروں کو اپنے وسائل میں حصہ دار بنایا، آج کمزوروں کو لوٹنے کی پالیسیاں بنتی ہیں، ریاست مدینہ والے کمزوروں کے حقوق کا تحفظ کریں۔
تقریب میں قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور ان کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کے لیے دعا کی گئی۔ آخر میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے تمام مہمانوں اور شرکائے کنونشن کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ