پاکستان عوامی تحریک کراچی کا سید ظفر اقبال کے اعزاز میں استقبالیہ
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام پاکستان عوامی تحریک کراچی کے سابق سیکرٹری کوآرڈینیشن سید ظفر اقبال کے مرکزی سپریم کونسل پی اے ٹی کا ممبر بننے پر انکے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین نے کہا کہ PAT صرف ایک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سیاسی، سماجی، علمی، فکری فلسفے کی امین ہے۔
پاکستان میں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد اور بیداری شعور کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے قیادت اور کارکنان کی جانی مالی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں۔ پی اے ٹی کے کارکن نظریاتی ہیں اور نظریاتی کارکن فکری نظریاتی جماعتوں کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اپنے قائد کے فکرو فلسفے پر کاربند ہے ہم پاکستان سے کرپٹ نظام کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک مشتاق صدیقی جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا NRO نہ دینے کی دعویدار موجودہ حکومت کی ناکامی کے پیچھے کرپٹ نظام کا ہاتھ ہے۔ عمران خان بھی بے بس وزیر اعظم ہے کرپٹ مافیا نے اس کے ہاتھ پائوں بھی باندھ رکھے ہیں انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کی بات پر عمل کیا ہوتا تو آج اس ناکامی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
انہوں نے کہا بد قسمتی سے موجودہ حکومت نے عوام کو سوائے دعووں، سبز باغوں، مایوسی، مہنگائی، بے روزگاری کے کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا ڈر ہے موجودہ حکومت کی ناکامی کے بعد عوام ایک بار پھر ماضی کی کرپٹ حکومتوں کو اپنا مسیحا نہ سمجھ بیٹھیں۔ تقریب سے کمال قادری، عبد الواحید، بشیر خان مروت، ساجدہ جبین، شفقت شیخ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ