یوم یکجہتی کشمیر پر عوامی تحریک راولپنڈی کے زیراہتمام ریلی، خرم نواز گنڈاپور کی شرکت
عوامی تحریک کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن آزادی کے عزم اور جوش و خروش سے منایا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے زیراہتمام سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں چاندنی چوک تا لیاقت باغ اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء قاضی شفیق، غلام علی خان اور دیگر قائدین سمیت عوام کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ مظلوم کشمیری قوم ہے۔ 185 دن گزرنے کے بعد بھی کشمیری عوا م کے ساتھ ہونیوالے مظالم میں کمی نہیں آئی۔ کشمیری عوام عالم اسلام سمیت اقوا م متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، آج 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے سڑکوں پر ہے۔
راولپنڈی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی اے ٹی شمالی پنجاب قاضی شفیق نے کہاکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہونیوالے مظالم پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں لیکن یہ بات مسلمہ ہے کہ کشمیرکی آزادی کےلئے صرف قانونی، سیاسی، اخلاقی چارہ جوئی کی گئی۔ عالمی قوانین کا احترام کرنے والے کشمیریوں نے لاکھوں جانیں دینے کے باوجود کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں لاہور سمیت ملک کے اہم شہروں میں پر ریلیاں نکالی گئیں۔ یوم یکجہتی کشمیر ریلیوں میں بچے، بوڑھے، نوجوان نے اپنے ہاتھوں میں پاکستانی اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ادھر لاہور، کراچی، اسلام آباد، گوجرانوالا، گجرات، ملتان، منڈی بہاؤالدین، سکھر، حافظ آباد، ناروال، سیالکوٹ، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، مظفر آباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں پر امن یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔
ان ریلیوں میں ملک بھر سے پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، کارکنان سمیت ہزاروں لوگ شریک ہوئے اور انہوں نے کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
تبصرہ