یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام لاہور سمیت 75 شہروں میں ریلیاں
پاکستان عوامی تحریک نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن آزادی کے عزم اور جوش و خروش سے منایا۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا، گجرات، ملتان، منڈی بہاؤالدین، سکھر، حافظ آباد، نارووال، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ڈی جی خان، خانیوال، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، مظفر آباد سمیت 75 سے زائد شہروں میں پر امن یکجہتی کشمیر ریلیوں میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ یوم یکجہتی کشمیر ریلیوں میں بچے، بوڑھے، نوجوان نے اپنے ہاتھوں میں پاکستانی اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
لاہور میں جلو موڑ سے شالا مار چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک لوگوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم، آزاد کشمیر کا پرچم اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر عارف چوہدری، صدر لاہور چوہدری افضل گجر، صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، جنرل سیکر ٹری پی اے ٹی لاہور شفاقت مغل نے کی۔ ریلی میں شریک افراد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عارف چوہدری نے کہا کہ 7 دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ 70 سال سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا انتظار کر رہے ہیں۔ 80 لاکھ کشمیری جن پر دنیا تک آواز پہنچانے کے تمام دروازے 185 دن سے مکمل بند ہیں آج وہ ساری دنیا سے سلامتی کونسل میں دئے گئے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ بھارتی فوج 7 دہائیوں سے جنت نظیر کشمیر پر مسلط ہے۔ کشمیریوں کو جدوجہدِ آزادی کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر فراہم کرتا ہے۔ اس لیے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اس کےلئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر لاہور چوہدری افضل گجر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر فقط احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا، بلکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط قانونی موقف اٹھانے سے حل ہو گا۔ ریلی کے شرکاء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘، ’’لے کے رہیں گے آزادی‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔ بھارتی حکومت نے پوری ریاست جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ سوا کروڑ کشمیری محاصرے میں ہیں، جو دنیا کا طویل ترین محاصرہ ہے۔
ادھر کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا، گجرات، ملتان، منڈی بہاءوالدین، سکھر، حافظ آباد، ناروال، سیالکوٹ، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، مظفر آباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں پر امن یکجہتی کشمیر ریلیوں میں ملک بھر سے پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، کارکنان سمیت ہزاروں لوگ شریک ہوئے اور انہوں نے کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کیا۔
تبصرہ