عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجتی کے لیے مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی مظالم، ناجائز قبضے، انسانی اور بین الاقوامی حقوق کی پامالی، مظلوم کشمیری مسلمانوں کے قتل عام، کشمیر میں جاری کرفیو، UNO اور OIC کی مجرمانہ خاموشی، عالمی طاقتوں کے دوہرے معیار کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کراچی کے قائدین کے علاوہ عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن کے ہاتھوں میں پاکستانی اور کشمیر پرچم اور پلے کارڈز پر احتجاجی نعرے اور مطالبات درج تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کراچی کے سینئر نائب صدر صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا بھارت طاقت کے نشے میں کشمیری مسلمانوں کو غلام بنا نا چاہتا ہے۔ بھارتی جنگی عزائم جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن برباد کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کی تنظیموں، بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
مسئلہ کشمیر صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جو دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان تنازعہ ہے عالمی طاقتوں کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔ اگر پاکستان انڈیا کے درمیان جنگ ہوئی تو پورا خطہ لپیٹ میں آئے گا۔ ان قائدین نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق ہونا چاہیے۔ کشمیریوں کے مقدر کا فیصلہ کشمیریوں کا اپنا حق ہے وہ کیا چاہتے ہیں کشمیریوں پر ذبردستی کوئی فیصلہ مسلط کرنا قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا یہ بد قسمتی ہے ایک صدی ہونے کو ہے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کے مطابق نہیں ہو رہا۔ پاکستان عوامی تحریک بھارت کی جانب سے مسلسل آزاد کشمیر پر گولہ باری، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، کشمیر پر ناجائز قبضے کی سخت مذمت کرتی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کشمیر سے فی الفور قابض بھارتی افواج کو نکالا جائے اور کرفیو کا خاتمہ کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے۔
عالمی طاقتیں احتجاجاً بھارت سے اپنے تعلقات منقطع کریں تاکہ بھارت کشمیر میں مظالم سے باز رہے۔ انہوں نے کہا بھارت اب تک دو لاکھ کشمیریوں کو قتل کر چکا ہے جو سرا سر زیادتی اور ظلم ہے بھارت کو یاد رکھنا ہو گا کسی قوم کا جذبہ آزادی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔
مظاہرے سے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین سید ظفر اقبال شاہ، ڈاکٹر شہزاد قریشی، اطہر جاوید صدیقی، عطاء الرحمان ہاشمی، اکرم مجاہد، ساجدہ جبین، نوید عالم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ