یوم یکجہتی کشمیر پر ملک بھر میں عوامی تحریک کے زیراہتمام ریلیاں نکالی جائینگی
پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن آزادی کے عزم اور جوش و خروش سے منائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پر امن جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائینگے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر مرکزی ریلی لاہور میں جلو موڑ سے شالا مار چوک تک ریلی نکالی جائیگی۔
لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا، گجرات، ملتان، منڈی بہاءوالدین، سکھر، حافظ آباد، ناروال، سیالکوٹ، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، پاکپتن، قصور، مظفر آباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں پر امن یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی جائینگی۔ ان ریلیوں اور کانفرنسز میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، کارکنان کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی۔ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں یوم یکجہتی کشمیر پر اظہار یکجہتی کےلئے پر امن ریلیاں، جلسے اور کانفرنسز منعقد کی جائینگی۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک عارف چوہدری نے ماڈل ٹاءون میں منعقدہ اجلاس میں موجود عہدیدران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیری 70سالوں سے آزادی اور اپنے حق خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی فوج7 دہائیوں سے جنت نظیر کشمیر پر مسلط ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اس کےلئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈ ل ٹاؤن میں یوم یکجہتی کشمیر کے دن دعائیہ تقریب منعقد کی جائیگی۔ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد دلائیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلیوں میں بچے، بوڑھے، نوجوان سب ہاتھوں میں پاکستانی اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر ینگے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے پوری ریاست جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ سوا کروڑ کشمیری محاصرے میں ہیں، جو دنیا کا طویل ترین محاصرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ’’آزادی‘‘ کے خواب سے اپنی شبِ تاریک کو سحر کیا ہوا ہے۔ کشمیریوں کو جدوجہدِ آزادی کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر فراہم کرتا ہے۔
تبصرہ