ہر شہری کو علاج کی سہولت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: عوامی تحریک
ماں باپ کا اکلوتا بیٹا علی احمد ویکسین نہ ملنے پر موت کے منہ میں چلا گیا
ریاستی عہدیدار کسی کے پلیٹس لیٹ گننے کی بجائے غریب کو علاج کی سہولت دیں، نوراللہ صدیقی
کیا علاج اور زندہ رہنے کا حق صرف اشرافیہ کا ہے; مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور
(28 نومبر 2019) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے
کہا کہ ہر شہری کو فوری علاج کی سہولت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ فیروز والہ کا
رہائشی ماں باپ کا اکلوتا بیٹا 12 سالہ علی احمد کتا کاٹنے کی ویکسین نہ ملنے پر
جاں بحق ہو گیا، ریاست کے اعلیٰ عہدیداروں کو کسی مجرم کے پلیٹ لٹس گننے اور اسے
علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانے کے انسانی اور قومی فریضہ سے فرصت ملے تو وہ کسی
غریب کی جان کے تحفظ اور صحت کے لیے بھی فکر مند ہوں، بڑے ہسپتالوں میں ویکسین کا
دستیاب نہ ہونا وزارت صحت اور ہسپتال کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انھوں نے اپنے
بیان میں کہا کہ متاثرہ بچے کو لاہور کے سب سے بڑے ہسپتال میو ہسپتال میں لایا گیا
جہاں کتے کے کاٹنے کی ویکسین ہی موجود نہ تھی جس کی وجہ سے علی احمدموت کے منہ میں
چلا گیا۔ انھوں نے کہا کہ علی احمد کا پورا خاندان سوگ اور صدمہ میں ہے اس کا جواب
اور حساب کون دے گا؟ انھوں نے کہا کہ معصوم علی احمد کی المناک موت کی خبر کسی ٹاک
شو کا حصہ بنی اور نہ کسی چھوٹی بڑی پارلیمانی جماعت کے کسی لیڈر کو اس پر اظہار
افسوس کی توفیق ملی کیونکہ علاج معالجہ کی ضرورت اور حق صرف اور صرف اشرافیہ کا ہے
باقی سب کیڑے مکوڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت غریب کے علاج معالجہ کے لیے اقدامات
کرے اور وزیر اعلیٰ پنجاب علی احمد کے گھر جائیں اور والدین کی ڈھارس بندھائیں اور
مذکورہ واقعہ کی محکمہ صحت سے رپورٹ منگوائیں اور ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ویکسین
اور ادویات کی خریداری کےلئے احکامات جاری کریں۔
تبصرہ