خرم نواز گنڈاپور کی ناہید خان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت و دعائیہ تقریب میں شرکت
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ نظام ایماندار تاجروں اور رزق حلال کمانے والے مزدوروں کابھی استحصال کررہا ہے۔ موجودہ نظام انتخاب نے سیاست کو عبادت کی بجائے تجارت بنادیا ہے۔ اس نظام میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین ہیں، عدل و انصاف کے پیمانے جدا جدا ہیں۔ کرپشن اور اقرباپروری اس نظام کے بنیادی عنصر ہیں۔ حکمران اگر عوام کو ان کے حقوق دینا چاہتے ہیں اور پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں تو نظام کو بدلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں دئیے گئے عوامی حقوق کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کرنا ہونگے۔ عوام دشمن نظام تبدیل کیے بغیر کسی بھی قسم کی تبدیلی کی خواہش محض خواب ہی ہو سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناہید خان کے بھائی کے ایصال ثواب کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب اور ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات شمالی پنجاب غلام علی خان اور نائب صدر ملک طاہر جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوام دشمن نظام میں کبھی بھی غریبوں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ یہ نظام ہی عوام کا اصل دشمن ہے جس نے سات دہائیوں سے غریب عوام کو اپنے پنجوں میں دبوچ رکھا ہے۔ پاکستانی نظام انتخاب عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن ہے جس میں غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔ موجودہ عوام دشمن نظام میں کرپشن، بدامنی اور دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ مسائل کے حل کے لیے موجودہ عوام دشمن نظام میں تبدیلی ضروری ہے۔ عوام دشمن نظام کی وجہ سے اڑھائی کروڑ سے زیادہ بچے سکول نہیں جاتے، تین فیصد جاگیردار اور سرمایہ دار طبقے نے 97 فیصد عوام کے حقوق چھین رکھے ہیں۔ غربا ئ اور مساکین کے لیے زندگی کی آسانیوں کے اسباب پر ضرور توجہ دینی چاہیے مگر اس سے بھی زیادہ ضروری ہے کہ بےروزگار لوگوں کو روزگار کے مواقع دئیے جائیں۔ بے ہنر لوگوں کو ہنر مند بنایا جائے اور ایسے امکانات پیدا کیے جائیں جس میں سرمایہ پنپ سکے اور لوگ خوشحال ہو سکیں۔
تبصرہ